Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طویل ترین عرصے تک برسر اقتدار رہنے والے حکمران

رواں ہفتے وسطی افریقہ کے ملک ایکویٹورل گنی کے صدر ٹیوڈورو اوبیانگ نگوئما اپنے اقتدار کی چالیسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اوبیانگ نگوئما اس وقت برسر اقتدار حکمرانوں کی فہرست میں سب سے لمبے عرصے تک اقتدار میں رہنے والے حکمران ہیں جنہوں نے 1979 میں فوجی بغاوت کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس وقت برسر اقتدار دنیا بھر کے حکمرانوں میں اوبیانگ نگوئما ملکہ الزبتھ کے بعد سب سے ذیادہ عرصے تک اقتدار میں رہنے والے حکمران ہے۔ اگرچہ ملکہ برطانیہ گذشتہ 67 سال سے تخت پر براجماں ہے تاہم ان کا اقتدار برائے نام ہے۔
افریقہ کے سب سے زیادہ عرصے تک برسر اقتدار رہنے والے حکمران بھی  ایتھوپیا کے بادشاہ ہائلے سلاسی تھے جنہوں نے 1974 میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹائے جانے تک 44 سال تک ملک کے سیاہ و سفید کے مالک رہے۔
اب ہم ان حکمرانوں کا ذکر کریں گے جو کہ لمبے عرصے تک برسر اقتدار میں تو رہے، لیکن وہ بادشاہ نہیں تھے۔
لمبے عرصے تک بر سر اقتدار رہنے والوں میں کیوبا کے انقلابی ہیرو فیڈل کاسترو سر فہرست ہیں جو کہ 49 سال تک اقتدار میں رہے۔ کاسترو جب  2008 میں پیرانہ سالی اور بیماریوں کی وجہ سے اقتدار چھوڑا تو ان کے بھائی راول کاسترو نے کیوبا کی عنان حکومت سنبھال لی۔

کیوبا کے انقلابی ہیرو فیڈل کاسترو 49 سال تک برسراقتدار رہے۔  فوٹو اے ایف پی

تائیوان کے پہلے صدر چیانک کائی شیک چین اور  تائیوان کے جزیرے پر 1975 میں اپنی وفات تک 47 سال تک برسر اقتدار رہے۔
 شمالی کوریا کے بانی کم آل سنگ 1994 میں اپنے انتقال تک 46 سال ملک کے حکمران رہے اور کوریا میں اب بھی ان کو اختراماً ’ہمیشہ کا لیڈر‘ مانا جاتا ہے۔
لیبیا کے ڈکٹیٹر معمر قذافی ملک پر 42 سال تک حکمران رہے اور 2011 میں باغیوں نے ان کو عرب بہار کے جوبن پر اقتدار سے بے دخل کرکے بے دردی سے قتل کر دیا۔
عمر بونگو انڈمبا تیل کی دولت سے مالامال ملک گبون پر 41 سال تک حکمران رہے۔ وہ 2009 میں کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔
البانیہ کے کمیونسٹ ڈکٹیٹر انور ہوزہا 1985 میں اپنے انتقال تک 40 سال ملک کے حکمران رہے۔

30 سال سے زائد عرصے تک برسر اقتدار موجودہ حکمران

1۔ کیمرون کے صدر پال بیا 37 سال سے برسر اقتدار ہیں۔
2۔ کانگو برازویل کے حکمران ڈینس ساسو نگیسو 35 سال سے برسر اقتدار ہیں جس کے دوران وہ پانچ سال کے لیے 1992 میں الیکشن ہارنے کے بعد اقتدار سے باہر رہے۔

لیبیا کے ڈکٹیٹر معمر قذافی ملک پر 42 سال تک حکمران رہے۔ فوٹو اے ایف پی

3۔ کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن سن گذشتہ 40 سال سے اقتدار میں ہیں۔
4۔  یوگنڈا کے صدر یاویری موسیوینی 33 سال سے ملک کے حکمران ہیں۔
5۔ ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای 1989 میں آیت اللہ روح اللہ خمینی کی وفات کے بعد سے اب تک ملک کے سپریم لیڈر ہیں۔

20 سال سے زائد عرصے تک برسر اقتدار موجودہ حکمران

1۔ چاڈ کے ادریس ڈیبی اتنو 28 سال سے ملک کے صدر ہیں۔
2۔ تاجکستان کے امام علی رحمانو 27 سال سے برسر اقتدار ہیں۔
3۔  اریٹیریا کے اسائیس افورکی 27 سال سے ملک کے صدر چلے آرہے ہیں۔
4۔ بلاروس کے الیگزنڈر لوکاشنکو گزشتہ 25 سال سے ملک کے صدر ہیں۔
5۔ جبوتی کے اسماعیل عمر 20 سال سے برسر اقتدار ہیں۔
6۔ گبون کے صدر علی بنگو کے اس سال اکتوبر میں اقتدار کے 20 سال پورے ہوں گے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں