Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج مقامات کی مساجد میں نمازیوں کیلئے تازہ اور صاف ہوا 

گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے ،منصوبے کا افتتاح کیا۔
سعودی حکومت نے حج کے اہم مقام منیٰ کی مسجد خیف اور میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں ہوا صاف کرنے کا بڑا منصوبہ مکمل کرلیا ۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے جو مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں ،منصوبے کا افتتاح کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ہوا صاف کرنے کا یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہے ۔ اس کی بدولت مسجد نمرہ اور مسجد خیف کے نمازیوں کو تازہ اور صاف ہوا فراہم ہو گی۔ایک منٹ میں دونوں مساجد کے نمازیوں کو 10لاکھ ساڑھے 3مکعب فٹ تازہ ہوا مہیا ہو گی۔
مسجد نمرہ میدان عرفات کے مغرب میں واقع ہے۔عرفات میں حاضری کے بغیر حج نہیں ہوتا۔مسجد نمرہ میں4لاکھ سے زےادہ حاجی ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرتے ہیں۔
مسجد نمرہ کا ایک حصہ میدان عرفات سے خارج ہے۔اس حصے میں وقوف نہیں کیا جاتا ۔حاجی حضرات یہاںامسال10اگست (9ذی الحجہ 1440ھ)کو حاضر ہوں گے۔مسجد نمرہ کے کئی نام ہیں ان میں مسجد ابراہیم الخلیل ، مسجد عرفہ اور مسجد عرنہ قابل ذکر ہیں ۔
مسجد نمرہ پہلی مرتبہ دوسری صدی ہجری کے وسط میں خلافت عباسیہ کے دور میں تعمیر کی گئی تھی۔
مسجد نمرہ میں ائیرکنڈیشن کے 60یونٹ نصب کئے گئے ہیں ۔یہ100فیصد تازہ ہوا فراہم کریں گے ۔علاوہ ازیں یہاں 122ایگزاسٹ فین لگائے گئے ہیں جو آلودہ اور گرم ہوا صاف کریں گے ۔یہ فین ایک گھنٹے میں 2بار چلائے جائیں گے ۔یہ دورانیہ گرم اور آلودہ ہوا نکالنے کےلئے کافی ثابت ہوگا ۔
مسجد الخیف منیٰ میں چھوٹے شیطان (جمرہ صغریٰ)کے قریب واقع ہے ۔حج کے ایام میں حاجی یہاں مستقل سکونت اختیار کر لےتے ہیں ۔یہاں رسول اللہ اور 70نبیوں نے نماز پڑھی ہے ۔سعودی حکومت نے 1987ءمیں اس میں توسیع کرائی تھی۔
مسجد خیف میں 13سینٹرل ائیر کنڈیشن یونٹ لگائے گئے ہیں۔یہ 100فیصد صاف ہوا فراہم کریں گے ۔علاوہ ازیں 30ایگزاسٹ فین گرم اور آلودہ ہوا نکالنے کےلئے نصب ہیں ۔سینٹرل ائیرکنڈیشن یونٹ معروف بین الاقوامی ائیر کنڈیشن کمپنیوں کے توسط سے تیار کرائے گئے ہیں ۔
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے ہوا صاف کرنے کا یہ منصوبہ سعودی وژن 2030ءکے تحت نافذ کرایا ہے ۔افتتاحی تقریب میں وزیر مذہبی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

شیئر: