امارات نے جنگ کے آغاز سے اب تک ایک ہزار سے زیادہ میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنائے
ان حملوں میں تین پاکستانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہری جان سے گئے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے ایئرڈیفنس سسٹم نے جنگ کے آغاز سے اب تک ایران کی جانب سے ایک ہزار سے زیادہ میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
وام کے مطابق ایئرڈیفنس سسٹم نے سنیچر 7 مارچ کو 16 بیلسٹک میزائلوں میں سے 15 کو روک کر تباہ کر دیا گیا جبکہ ایک میزائل سمندر میں جا گرا۔
اسی دوران 121 ڈرونز میں سے 119 کو تباہ کر دیا گیا جبکہ دو ڈرون امارات کی حدود میں گرے۔
ایرانی جارحیت کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر221 بیلسٹک میزائلوں میں سے 205 کو تباہ کیا گیا ،14 سمندر میں جبکہ دو میزائل امارات کی حدود میں گرے۔
اسی عرصے کے دوران 1,305 ایرانی ڈرونز میں سے 1,229 کو روک کر تباہ کر دیا گیا جبکہ 76 ڈرونز امارات کی حدود میں گرے۔ اس کے علاوہ آٹھ کروز میزائلوں کو بھی روک کر تباہ کیا گیا ہے۔
ان حملوں میں تین پاکستانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہری جان سے گئے جبکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 112 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
وزارت دفاع نے بیان میں ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور مستعد رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
علاوہ ازیں بحرین کی ڈیفنس فورس کی جنرل کمانڈ نے سنیچر کو بتایا ’ایرانی جارحیت کے آغاز سے اب تک ایئرڈیفنس سسٹم نے 86 میزائلوں اور 148 ڈرونز کو فضا ہی میں روک کر تباہ کیا۔‘
کویت کی وزارت دفاع نے سنیچر کو بیان میں کہا ’پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران 12 بیلسٹک میزائل اور 23 ڈرون حملے ناکام بنائے گئے۔‘
اردن کی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ میں کہا’ ایک ہفتے کے دوران 119 بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو انٹرسیپٹ کیا گیا۔‘
