Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موبائل توڑنے پر خاتون عدالت پہنچ گئی

عدالت کے سامنے شوہر نے موبائل توڑنے کا اقرار کر لیا۔ فوٹو بشکریہ انسپلیش
ایک اماراتی خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کردیا ہے جس میں دعوی کیا گیا کہ اس کے شوہر نے اس کا موبائل توڑ دیا۔
مقامی اخبار الامارات الیوم کے مطابق دعوے میں کہا گیا کہ موبائل توڑنے کی وجہ سے خاتون سوشل میڈیا سمیت دنیا سے کٹ گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ ہے کہ ان کے شوہر کو ان کے کیے پر سزا دی جائے۔

 

عدالت کے سامنے شوہر نے موبائل توڑنے کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ فعل غصہ اور اشتعال کی حالت میں سرزد ہوا ہے۔ تاہم ان کا دعوی ہے کہ موبائل انہوں نے خود بیوی کو خرید کر دیا تھا۔ ’اس اعتبار سے بیوی کے زیر استعمال موبائل میری ملکیت سمجھا جائے۔‘
شوہر نے اپنا موقف واضح کرنے کے لیے عدالت میں موبائل خریدنے کا بل بھی پیش کردیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے یہ موبائل کسی مقامی کمپنی سے قسطوں میں خریدا تھا اور وہ ہر مہینے اس کی قسطیں ادا کر رہا ہے۔
جج کے سامنے شوہر کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑا ہوتا ہے۔ اس اثنا میں انہیں غصہ آیا اور اشتعال میں آکر انہوں نے موبائل توڑدیا۔

 

شوہر نے کہا کہ غصے میں آکر بیوی کو مارنے سے بہتر تھا کہ میں اس کا موبائل توڑدیتا۔ ’ایک طرح میں نے بیوی کے ساتھ اچھائی کی ہے کہ ان پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔ اس پر بیوی کو میرا احسان مند ہونا چاہئے۔‘
فجیرہ کی عدالت میں زیر سماعت مقدمہ اگلی نشست کےلئے ملتوی کردیا گیا۔ جج نے میاں بیوی کو ہدایت کی کہ اگلی سماعت تک وہ معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کریں۔ بصورت دیگر عدالت کو فیصلہ سنانا ہوگا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں