Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایٹمی ہتھیار چلانے کا انحصار حالات پر ہے‘

انڈین وزیر دفاع کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کے نظریے پر قائم ہے تاہم مستقبل میں کیا ہوتا ہے اس کا انحصار حالات پر ہے۔
جمعے 16 اگست کو انڈین وزیر دفاع نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے آنجہانی رہنما اور سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو ان کی پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’اٹل جی نے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ملکی دفاع کو مضبوط کیا۔‘
راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ’یہ اتفاق ہے کہ اس وقت جیسلمر میں ہوں جب پوری قوم اٹل بہاری واجپائی کی پہلی برسی منا رہی ہے۔ پروگرام کے فوری بعد انڈیا کے ایٹمی دھماکوں کے مقام پوکھران جا کر سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔‘
وزیر دفاع نے تین ٹویٹس کی ہیں اور آخری ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’انڈیا نے ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کی حیثیت حاصل کی ہے جو ملک کے ہر شہری کے لیے اعزاز ہے جس کے لیے پوری قوم اٹل بہاری واجپائی کی عظمت کی مقروض رہے گی۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے انڈیا کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
جمعرات کو پاکستان کی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی کنٹرول لائن پر انڈین فوج کی فائرنگ سے تین پاکستانی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے انڈیا کے پانچ فوجیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔
پاکستان کے دفاعی و سفارتی امور کی رپورٹنگ کرنے والے صحافی کامران یوسف نے انڈین وزیر دفاع کے ٹویٹ پر لکھا ہے کہ ’اشارہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی پالیسی ترک کرنے کی طرف ہے۔ یہ یقینا جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کے خطرے کو بڑھاوا دے گا جو خطرناک علامت ہے۔‘

شیئر: