Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کے لیے خاوند کو موبائل کا پاس ورڈ بھی بتانا پڑے گا

سعودی معاشرے میں طرح طرح کی تبدیلیوں کی ہوا چل رہی ہے۔ماضی میں جو لڑکیاں شادی کے لیے خوابوں کے شہزادے کی آمد کے لیے چشم براہ رہا کرتی تھیں اب وہ شادی کےلیے نت نئی شرائط پیش کرنے لگیں۔
اخبار 24کے مطابق بعض نکاح خوانوں کا کہنا ہے کہ کئی ایک لڑکیاں نکاح نامے میں عجیب و غریب شرائط درج کرانے لگی ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ 80 فیصد نکاح ناموں میں کوئی پیشگی شرط نہیں ہوتی مگر 20فیصد ایسے ہیں جن میں زیادہ تر شرائط لڑکیوں کی طرف سے درج کرائی جا رہی ہیں ۔
ایک نکاح خواں ابراہیم العامر نے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے نکاح پڑھاتے ہوئے زمانہ ہو چکا ہے مگر کبھی بھی کسی خاوند نے نکاح نامے میں کوئی شرط درج نہیں کرائی ۔ بیشترشرائط لڑکیوں کی طرف سے درج کرائے جا رہے ہے ۔

ایک لڑکی نے شرط پیش کی کہ دولہا کو تین ماہ کے اندر اندر اپنا وزن 109کلوگرام سے 80کلو گرام تک لانا پڑے گا۔ فوٹو اے ایف پی

ایک اور نکاح خواں عبدالکریم العنزی نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ خاوند شرائط پیش کرنے میں بالکل ہی پیچھے ہوں تاہم شرطیں درج کرانے والے شوہروں کی تعداد ایک فیصد سے بھی کم ہے ۔
العنزی نے بتایا کہ ایک لڑکی نے عجیب و غریب شرط پیش کی۔ اس نے کہا کہ دولہا کو تین ماہ کے اندر اندر اپنا وزن 109کلوگرام سے 80کلو گرام تک لانا پڑے گا۔ یہ شرط پوری کرنے پر ہی شادی کی تقریب ہو گی اور شرط پوری نہ کرنے کی صورت میں نکاح کالعدم ہو جائے گا ۔
ایک اور نکاح خواں عبدالسلمی نے بتایا کہ نکاح پڑھاتے وقت اسے کسی نہ کسی نئی شرط کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ایک لڑکی نے کہا کہ نکاح نامے میں یہ شرط تحریر کی جائے کہ وہ ’استراحات‘ (گیسٹ ہائوسز) میں ہونیوالی مخلوط پارٹیوں میں
شریک نہیں ہو گی ۔ 

 

ایسی کوئی بھی تقریب جس میں لڑکے بھی ہوں وہ نہیں جائے گی۔ ایک لڑکی نے شرط پیش کی کہ خاوند کو اپنے کمپیوٹر اور موبائل کا پاسورڈ بھی بتانا ہو گا ۔
کئی نکاح خوانوں نے بتایا کہ دلہنوں کی جانب سے کئی شرائط عام ہو گئی ہیں مثلاً ایک تو یہ کہ دولہا کو گھر کا انتظام کرنا ہو گا ۔ دوسری شرط یہ کہ تعلیم مکمل کرنے میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ملازمت پر کوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی ۔گھر سے کسی بھی وقت بلا اجازت جانے کی سہولت مہیا ہو گی۔ سالانہ تعطیلات مخصوص سیاحتی مقامات پر گزارنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

شیئر: