Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی باکسر عامر خان کی انڈین ’پاور کپل‘ سے ملاقات

 مشہور پاکستانی باکسر عامر خان نے انڈین اداکاروں دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ سے ملاقات کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، تو جہاں صارفین نے ان تصاویر کو ’لائیک‘ کیا وہیں تنقیدی تبصرے بھی کیے۔
دیپکا اپنے شوہر اور ساتھی اداکار کے ساتھ لندن میں ایک فلم کی شوٹنگ پر آئی ہوئی تھیں کہ اچانک مشہور انڈین جوڑے کا ٹاکرا عامر خان کے ساتھ ہو گیا۔ 
عامر خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دیپکا اور رنویر سنگھ کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انڈیا کے ’پاور کپل‘ سے ملاقات کر کہ بہت اچھا لگا جو لندن انجوائے کر رہے ہیں۔‘
عامر خان نے دو تصاویر شیئر کیں۔ ایک میں وہ دیپکا کے ساتھ کسی سٹور میں کھڑے ہیں، اور دوسری تصویر میں رنویر سنگھ  ان کی گردن کے گرد ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں۔
 باکسر عامر خان کی جانب سے شیئر کی گئ تصاویر پر انڈین اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کنڈرا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے دو بھائی ایک فریم میں۔‘


جہاں ان تصاویر کو اکتیس ہزار سے زیادہ لوگوں نے ’لائیک‘ کیا وہیں چند نے کشمیر کے تناظر میں عامر خان پر تنقید بھی کی۔ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں جاری انڈین جارحیت پر صارفین نے عامر خان کو انڈین اداکاروں کے ساتھ تصاویر کھنچھوانے پر غصے کا اظہار کیا۔
 دیپکا اس وقت لندن میں اپنے شوہر اور ساتھی اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ فلم ’83‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
فلم ’83‘ دراصل انڈیا کے 1983 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر بنائی جارہی ہے، جب انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو ہرایا تھا۔
 فلم میں رنویر سنگھ، سابق کرکٹر کپل دیو کا کردار ادا کریں گے جن کی وجہ سے انڈیا نے 1983 کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ جبکہ دیپکا کرکٹر کی اہلیہ رومی دیو کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
 دیپکا کا کہنا تھا کہ رومی دیو کے بارے میں زیادہ معلومات مہیا نہیں لیکن ان کی رومی کے ساتھ کچھ بار ملاقات ہوئی ہے اور وہ ان کی شادی پر بھی آئیں تھیں۔
 رومی دیو کا کردار ادا کرنے کے لیے دیپکا ان کے بار میں زیادہ سے زیادہ جان کاری حاصل کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ باکسر عامر خان انڈیا کی ’سپر فائٹ لیگ‘ کے مالکان میں سے ہیں جو اداکار سنجے دت اور راج کنڈرا نے بنائی تھی۔ عامر خان ’سپر باکسنگ لیگ‘ کے شریک بانی بھی ہیں جو انڈیا کی پہلی پرافیشنل باکسنگ لیگ ہے۔

شیئر: