Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان: گلوکار تبدیلی کے لیے گائیں گے

سوڈان میں نئی عبوری حکومت قائم ہو جانے کے بعد عوام پرسکون ہو گئے ہیں۔ ایک طرف فوجی قیادت اور دوسری جانب حریت پسند عوام کے قائدین بھی مطمئن نظر آنے لگے ہیں۔ سوڈان کے نئے انقلاب میں گلوکاروں نے بڑا اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے عوامی جذبات، خیالات، امنگوں، آرزوؤں اور خوابوں کو ایک لڑی میں پرو کر نغموں کی شکل میں پیش کر کے بڑا نام کمایا۔
سکائی نیوز کے مطابق سوڈانی گلوکار اب ملک میں تعمیر و ترقی کے لیے گائیں گے۔ ملک کو بنانے، سنوارنے اور ملک میں ہر سطح پر تبدیلی لانے کے لیے گائیں گے۔

موسیقار عاصم الطیب القرشی

سوڈانی فنکاروں نے گلیوں میں انقلابی کمیٹیوں کے قیام سے لیکر دارالحکومت خرطوم میں آرمی کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے دھرنا دینے تک ہر مرحلے میں عوام کا ساتھ دیا۔ انہوں نے انقلابی گانے پرجوش انداز میں گا کر عوام کو متحرک اور ثابت قدم رکھا۔
سوڈانی گلوکاروں نے انقلابی عمل میں جو حصہ لیا اس میں وہ تنہا نہیں تھے بلکہ شعراء اور موسیقار بھی ان کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کر رہے تھے۔ اب یہ تینوں مل کر نئے سوڈان کی تعمیر و تشکیل میں اپنا حصہ ڈالنے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں۔
سوڈانی موسیقار صلاح ابن البادیہ نے سکائی نیوز سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی قیادت ثقافت کرتی ہے سیاست نہیں۔ اگر معاشرے میں امن و امان قائم ہو، آزادی کا دور دورہ ہو اس صورت میں عالم میں سب کچھ کرنا آسان اور ممکن ہوتا ہے۔
ان کے مطابق گلوکاری اور ڈرامہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر تبدیلی لائیں گے۔
ابن البادیہ نے مزید کہا کہ ’اب ہمیں نئے وزیر ثقافت کی نامزدگی کا انتظار ہے۔ ہم 30 قسطوں پر مشتمل ایک ڈرامہ تیار کریں گے۔ اس میں سوڈانی عوام کے ورثے سے تبدیلی کا تصور پیش کریں گے۔
سوڈانی فنکار عمر احساس نے سکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تخلیقی عمل آزادی کی آغوش ہی میں جنم لیتا ہے۔ تخلیق کار انقلابی عمل کے قافلہ سالار تھے، اب وہ تبدیلی کے بھی قافلہ سالار بنیں گے۔
عمر احساس نے کہا کہ ’ہم نے معزول حکمرانوں کے ہاتھوں جبر و قہر، جلا وطنی، اظہارِ رائے کی آزادی سے محرومی اور ناحق سزائیں سہی ہیں۔ میرے چار گانے صرف اس لیے نامنظور کیے گئے تھے کیونکہ ان میں آزادی کا مطالبہ تھا۔
عمر احساس نے انکشاف کیا کہ ان دنوں ایک نیا گانا تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد گانا ہو گا۔ یہ صحیح معنوں میں عوامی جذبات کا ترجمان ہو گا۔

سوڈانی گلوکارہ انصاف فتح

سوڈانی گلوکارہ انصاف فتحی نے بتایا کہ انہوں نے کئی نئے قومی نغمے ریکارڈ کرائے ہیں جنہیں شائقین یقیناً پسند کریں گے۔
سوڈانی شاعر مختار دفع اللہ نے تخلیق کاروں سے کہا کہ وہ شعر و ادب میں نیا پن لائیں۔ امید ہے کہ اگلا مرحلہ فن اور ادب کے حسین امتزاج کا مرحلہ ہو گا۔ تخلیقی اداروں میں ایک بار پھر زندگی برپا ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ جلد ہی ایک ایسا نغمہ متعارف کرایا جائے گا جس کی موسیقی عظیم موسیقار محمد الامین نے ترتیب دی ہے۔
سوڈان کے بین الاقوامی موسیقار عاصم الطیب القرشی نے بتایا کہ موسیقی عوام کے جذبات کو گرماتی ہے۔ بچوں کےلئے نئے گانے تیار کئے گئے ہیں۔ بچے یہ گانے سن کر تخلیقی عمل کے جذبے سے سرشار ہوں گے اور مستقبل میں ملک کے معمار بنیں گے۔

شیئر: