Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہل مدینہ کی زندگی کیا تھی اور ان کا ثقافتی ورثہ کیا؟

’دارالمدینہ المنورہ‘عجائب گھر زائرین کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اندرون ملک سے سعودی شہری دنیا بھرسے تعلق رکھنے والے تارکین وطن اور حج، عمرہ و زیارت پر آنے والے بڑے ذوق و شوق سے ’دارالمدینہ المنورہ ‘عجائب گھر دیکھنے آتے ہیں۔ یہاں مدینہ منورہ کی تاریخ  اور ثقافت دیکھنے کو ملتی ہے۔
عاجل ویب کے مطابق عجائب گھرکے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر حسان طاہر نے بتایا کہ ’یہ عجائب گھر خاص مقصد کے تحت قائم کیا گیا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ انسانیت نواز ثقافتی پیغام دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا جائے۔
پیغمبر اسلام کی پاکیزہ اقدار کا دنیا بھر کے انسانوں کو علم ہو۔ مقامی شہری، سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی اور زائرین مدینہ منورہ، اس کی تاریخ ، ورثے اور اس کی ثقاقت سے آگاہ ہوں۔ انہیں پتہ ہو کہ اہل مدینہ کی زندگی کیا تھی ، انکا ثقافتی ورثہ کیا ہے اور تاریخ کو بنانے سنوارنے میں اہل مدینہ نے کیا کردار ادا کیا۔‘
حسان طاہر کا کہنا ہے کہ ’عجائب گھر متعدد ہالوں اور گوشوںپر مشتمل ہے۔ ان میں پیغمبر اسلام کے دور سے لیکر آل سعود کے اقتدار تک مدینہ منورہ کی روشن تصویر پیش کی گئی ہے۔

’عجائب گھر متعدد ہالوں اور گوشوںپر مشتمل ہے۔ ان میں پیغمبر اسلام کے دور سے لیکر آل سعود کے اقتدار تک مدینہ منورہ کی روشن تصویر پیش کی گئی ہے‘

انہوں نے بتایا کہ عجائب گھر کے بانی ڈاکٹر عبدالعزیز کعکی ہیں۔عجائب گھر اب تک مدینہ منورہ کے تاریخی اور قابل دید مقامات سے متعلق  44سے زائد کتب شائع کر چکا ہے۔ یہ عجائب گھر مدینہ منورہ کی تہذیب و تمدن پر خصوصی ریسرچ بھی کرارہا ہے اور اسکالرز کی سرپرستی بھی کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں
حسان طاہر نے نشاندہی کی کہ عجائب گھر 2ہزار سے زائد نوادرات سے مالا مال ہے۔
یہاں تاریخی مقامات اور واقعات کو اجاگر کرنیوالے ماڈلز سجائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مدینہ منورہ میں دستی مصنوعات کے نمونے، قلمی نسخے،تاریخی دستاویزات ،ڈاک ٹکٹ ، قدیم مطبوعات، فوٹو اور تجریدی آرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
حسان طاہر نے بتایا کہ عجائب گھر میں غلاف کعبہ کے مختلف نمونے رکھے گئے ہیں۔ یہاں پیغمبر اسلام کے عہد سے لیکر جدید دور تک اسلامی سکے بھی ہیں۔ اموی دور میں بنائے گئے مٹی کے برتن بھی عجائب گھر میں سجائے گئے ہیں جبکہ انواع و اقسام کے زیورات بھی رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہ یہاں عالمی زبانوں کے ماہر ٹورسٹ گائیڈ بھی تعینات ہیں۔ خصوصاً انگریزی ، ترکی ، اردو اور ملائیشین زبانوں کے گائیڈ زائرین کو عجائب گھر دکھانے میں اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔ 
یاد رہے کہ دارالمدینہ المنورہ عجائب گھر اسلامی مطالعات کے موضوع پر کنگ فیصل انٹرنیشنل ایوارڈ اور جزیرہ عرب کی تاریخ کے مطالعات اور تحقیق پر خادم الحرمین الشریفین ایوارڈ جیت چکا ہے ۔
 

شیئر: