Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر کے مسئلے پر فیصلہ کُن وقت آ گیا

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر فیصلہ کن وقت آ گیا ہے۔ نریندر مودی حکومت نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تاریخی غلطی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سے کشمیر کے لوگوں کو ایک موقع مل گیا ہے، اب کشمیریوں کی جدوجہد دنیا بھر کی نظر میں آئی ہے اور ان کی جدوجہد کامیاب ہو گی۔ آج دنیا کے کونے کونے میں کشمیر کی آواز سنی جا رہی ہے۔‘
پیر کی شام قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تحریک انصاف حکومت میں آئی تو امن کا قیام ہماری کوشش اور خواہش تھی اسی لیے ہم نے سب پڑوسیوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا، انڈیا کو واضح پیغام دیا کہ اگر وہ ایک قدم بڑھائیں گے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے کبھی مثبت جواب نہیں آیا۔ ’چونکہ اس وقت انڈیا میں انتخابات آ رہے تھے تو اسے ایک سیاسی ایشو خیال کرتے ہوئے خاموشی اختیار کی تاہم نریندر مودی کے پھر سے حکومت میں آ جانے کے بعد صورت حال مزید خراب ہوئی۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان پر انڈیا کی جانب سے الزام لگایا گیا اور حملہ کرنے کی کوششس بھی کی گئی۔ ’اب بھی اس کی جانب سے ایسی کسی کوشش اطلاعات موجود ہیں جس کی منصوبہ بندی اس نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے لیے کی ہے۔‘
پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرکے مودی حکومت نے دنیا کو ایک قسم کا پیغام دیا کہ ہندوستان صرف ہندوؤں کا ہے۔
’آر ایس ایس شروع سے ہی یہی نظریہ رکھتی تھی کہ انڈیا صرف ہندوؤں کا ہے۔ بی جے پی نے آج اسی کو اپنا کر نہرو، گاندھی کا فلسفہ اور سیکولرزم کا دعویٰ جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہوں نے انڈیا کے ساتھ مثبت تعلقات کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ فوٹو: روئٹرز

پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگی صورت حال کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں، اگر یہ جنگ کی طرف جاتے ہیں تو دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ دونوں ایٹمی قوتیں ہیں۔
انہوں نے بعض مسلم ممالک کی جانب سے پاکستان کا ساتھ نہ دینے کے حوالے سے کہا کہ ’اس سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، آج اگر کسی وجہ سے کچھ ممالک پاکستان کا ساتھ کھل کر نہیں دے رہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمیشہ ایسا رہے گا، مستقبل میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔‘
عمران خان نے کہا کہ انڈیا نے اپنا آخری پتہ کھیل دیا اب اس کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ ’ہم نے اس کے ردعمل میں بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، آج پوری دنیا میں کشمیر کی بات ہو رہی ہے، انٹرنیشنل میڈیا بھی اس کو اٹھا رہا ہے۔ سکیورٹی کونسل کا اجلاس 1965 کے بعد کشمیر ایشو پر منعقد ہوا، یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔‘
عمران خان نے خطاب کے آخر میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہر قدم پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ ہر ہفتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی سرگرمی کا اہتمام کیا جائے اور جمعے کے روز دن بارہ بجے سے ساڑھے بارہ تک ایسے ہی ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔‘
 
 

شیئر: