Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ، پانچ ہلاک، 21 زخمی

گذشتہ ایک ماہ کے دوران ٹیکساس میں فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے ایک تازہ واقعے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک مسلح شخص نے ٹیکساس کے دو شہروں اوڈیسا اور مڈ لینڈ کے درمیانی علاقے میں گاڑی چلاتے ہوئے عام راہگیروں پر فائرنگ کی ہے۔
اوڈیسا پولیس کے چیف مائیکل گریک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ’فائرنگ کے اس واقعے میں 21 شہری ہلاک اور کم از کم پانچ زخمی ہو گئے ہیں جبکہ مسلح شخص کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔‘
پولیس کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مسلح شخص کو اوڈیسا شہر میں ایک سینما گھر کے سامنے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ ٹیکساس میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران پیش آنے والا فائرنگ کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایک مسلح شخص نے اوڈیسا سے تقریباً 480 کلو میڑ کے فاصلے پر واقع شہر ایل پاسو میں فائرنگ کر کے کم از کم 22 افراد کو ہلاک جبکہ 24 کو زخمی کر دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق انہیں اس واقعے پر بریفنگ دی گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اوڈیسا پولیس نے اس سے قبل بتایا تھا کہ ایک مسلح شخص (یا شاید دو اشخاص) شہر میں گاڑی چلاتے ہوئے عام لوگوں پر فائرنگ کر رہا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص نے امریکی پوسٹل سروس کے ایک ٹرک کو بھی ہائی جیک کر لیا تھا اور وہ لوگوں کو کہہ رہا تھا کہ سڑک سے دور رہو۔
مسلح شخص کی طرف سے کچھ گولیاں اوڈیسا اور مڈ لینڈ کے درمیانی علاقے میں ہائی وے پر چلائی گئیں جہاں کھڑی کاروں میں گولیوں کے نشان دیکھے جا سکتے ہیں۔
امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے انہیں اس واقعے پر بریفنگ دی گئی ہے۔

شیئر: