Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بدعنوان ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم

شاہ سلمان نے سرکاری ملازمین کی بدعنوانی کے خاتمے کےلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اعلیٰ سطح پر بدعنوانی پر قابو پانے کے بعد سرکاری ملازمین کی بدعنوانی ختم کرنے کےلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی ۔ انسداد بدعنوانی قومی ادارہ’نزاھہ‘ کے چیئرمین مازن بن ابراہیم الکھموس کو سربراہ تعینات کر دیا۔
سبق ویب کے مطابق شاہ سلمان نے کمیٹی کا ممبر کنٹرول اینڈ انوسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ اورمحکمہ جاتی سراغ رساں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کو بنا دیا۔
کمیٹی سرکاری اداروں میں انتظامی اور مالیاتی بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت لانے کا اہتمام کرے گی ۔بدعنوانی کے مقدمات تیزی سے نمٹانے کےلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔اس حوالے سے رپورٹیں پہلی فرصت میں ایوان شاہی کو پیش ہوں گی ۔
مازن الکھموس نے کمیٹی کے قیام اور اس کا سربراہ متعین کئے جانے کے بعد بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ سعودی قیادت بدعنوانی کے انسداد ، بدعنوانوں کے ساتھ عدم رواداری اور قومی خزانے کے تحفظ کے سلسلے میں پرعزم ہے ۔

خصوصی کمیٹی  کا  سربراہ انسداد بدعنوانی قومی ادارہ’نزاھہ‘ کے چیئرمین مازن بن ابراہیم الکھموس کو  بنایا گیا۔

الکھموس نے کہا کہ ہمارا ادارہ بدعنوانی کے سدِ باب کے سلسلے میں نوکر شاہی کے رواج کا خاتمہ کرے گا ۔ ماضی میں فائلیں محکمہ جاتی سراغرساں ادارے ، پبلک پراسیکیوشن اور انسداد بدعنوانی کے قومی ادارے کے درمیان گھومتی رہتی تھیں۔
الکھموس نے العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہو گی کہ ہر شہری کو اس کا حق ملے ۔سرکاری منصوبوں کے ٹھےکے مقررہ اصولوں کے مطابق جاری ہوں ۔ اس میں کسی قسم کی گھپلے بازی نہ ہو ۔
الکھموس نے بتایا کہ مجھے ولیعہد محمد بن سلمان نے ہدایت دی ہے کہ انسداد بدعنوانی کے ادارے کا طریقہ کار تبدیل کروں اور نوکر شاہی کا رواج ختم کروں۔
الکھموس نے توجہ دلائی کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے ماضی میں ملک کے بڑے بدعنوانوں کو انتباہ دیا تھا کہ ان کے خلاف ضروری کارروائی ہو گی ۔اب مجھے ولیعہد نے یہ ہدایت دی ہے کہ آنیوالا مرحلہ چھوٹے سرکاری ملازمین کے حلقوں میں پائی جانیوالی بدعنوانی کی بیخ کنی کا ہے۔الکھموس نے اعتراف کیا کہ تمام چھوٹے ملا زم بدعنوان نہیں ہیں ۔کارروائی ان ملازمین کے خلاف ہو گی جو بد عنوانی میں ملوث ہیں ۔بڑے بڑے بدعنوانوں سے ملک پاک ہو چکا ہے۔ آئندہ ایام میںدرمیانے اور چھوٹے درجے کے بدعنوانوں پر ہاتھ ڈالا جائےگا۔
الکھموس نے اپنا بیان ختم کرتے ہوئے کہا کہ ولیعہد محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ ہو گا ۔انہیں کارکردگی سے مطلع کرکے براہِ راست ہدایت دی جائیں گی۔کوئی بھی وزیر ادارے کی کارروائی میں عدم تعاون کا مظاہرہ کرے گا اس کی رپورٹ براہِ راست ولیعہد کو کی جائے گی ۔ مجھے یہی حکم دیا گیا ہے ۔

شیئر: