Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سادھنا کے چہرے پر مسلم معاشرے کا تقدس‘

سادھنا کی معروف فلموں میں تین پراسرار فلمیں بہت اہمیت کی حامل ہیں۔
کیا آپ بالی وڈ کی کسی ایسی معروف اداکارہ کو جانتے ہیں جسے کوئی گر انقدر اعزاز تو نہیں ملا لیکن انھوں نے اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کیا۔ یہ بھی عجیب بات ہے کہ انھوں نے مبینہ طور پر جس اداکارہ کو دیکھ کر فلموں میں آنے کا فیصلہ کیا وہ فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ اعزاز حاصل کرنے والی نوتن ہیں۔
اور نوتن سے متاثر ہو کر اداکاری کی دنیا میں آنے والی یہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ کراچی میں پیدا ہونے والی سادھنا ہیں۔ اگر سادھنا آج زندہ ہوتیں تو دو ستمبر کو اپنا 78 واں یوم پیدائش مناتیں کیونکہ ان کی پیدائش دو ستمبر 1941  کو ہوئی تھی۔
سادھنا کے ذوق لباس اور گیسو و کاکل کے انداز نے ہزاروں لوگوں اور بطور خاص دوشیزاؤں کو اپنا دیوانہ بنا رکھا تھا۔ لیکن ان کے بالوں پر اگر کسی کو سب سے زیادہ اعتراض تھا تو وہ اپنے زمانے کے 'شو مین' راج کپور تھے جن کے بیٹے سے بعد میں ان کے کزن کی شادی ہوئی۔

سادھنا کو ایک ٹرینڈ سیٹر اور اپنے زمانے کی گلیمر گرل کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

سادھنا کی فلموں نے بالی وڈ میں خوب دھوم مچائی اور ہمارے ایک خاندانی دوست نے تو ان کی فلم 'میرے محبوب' دیکھنے کے بعد عقیدت یا محبت کے ملے جلے جذبات کے ساتھ  بے ساختہ کہا: 'سادھنا کے چہرے پر تو مسلم معاشرے کا تقدس جھلکتا ہے۔'
سادھنا کے والد کو فلموں کا بہت شوق تھا اور وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں۔ والد نے سادھنا کا نام اپنی پسندیدہ اداکارہ اور رقاصہ سادھنا بوس کے نام پر رکھا تھا۔ سندھی خاندان میں پیدا ہونے والی سادھنا تقسیم ہند کے بعد بمبئی (اب ممبئی) میں آ کر رہنے لگيں۔ ان کے والد اداکار ہری شیودسانی کے بڑے بھائی اور ہری شودسانی اپنے زمانے کی معروف اداکارہ ببیتا کے والد تھے۔ ببیتا کی شادی راج کپور کے بیٹے رندھیر کپور سے ہوئی جن کی بیٹیوں کرشمہ اور کرینہ کپور سے تو آپ لوگ واقف ہی ہوں گے۔
سادھنا کو سب سے پہلا بریک راج کپور کی فلم شری 420 کے ایک کورس گیت میں ملا تھا۔ اور جب وہ محض 15 سال کی تھیں تو انھیں ایک سندھی فلم میں 'آبانا' میں کام کرنے کا موقع ملا اور اس کے لیے انھیں ایک روپے کا ٹوکن محنتانہ دیا گیا۔ یہ کردار انھیں جے ہند کالج کے ایک ڈرامے میں اداکاری کے لیے ملا تھا۔
لیکن ان کی زندگی ایک فلمی میگزن پر شائع ہونے والی ان کی ایک پروموشنل تصویر نے بدل دی۔ فلمساز اور ہدایتکار سشی دھر مکھرجی نے ان سے رابطہ کیا اور اس طرح 'لو ان شملہ' ان کی پہلی ہندی فلم بنی۔
اس فلم سے سادھنا نے فین فالوؤنگ کا ایک نیا انداز پیدا کیا۔ لڑکیاں ان کے طرز کے بال بنوانے لگيں جسے سادھنا کٹ کہا گيا۔ ایسی شہرت اور مقبولیت کسی دوسرے کے حصے میں نہیں آئی۔
اسی سال ان کی فلم 'پرکھ' آئی جس کا گیت 'او سجنا برکھا بہار آئی۔۔۔' بہت مشہور ہوا۔ پھر اپنے زمانے کے اہم اداکار دیو آنند کے ساتھ ان کی فلم 'ہم دونوں' اور اس کا گیت 'ابھی نہ جاؤ چھوڑ کے بہت مشہور ہو‏ئے۔'
اس کے اگلے ہی سال دونوں کی فلم 'اصلی نقلی' آئی جس کے گیت 'تیرا میرا پیار امر' اور تجھے جیون کی ڈور سے باندھ لیا ہے' وغیرہ بہت مشہور ہوئے۔
ان کی معروف فلموں میں تین پراسرار فلمیں بہت اہمیت کی حامل ہیں اور شاید اسی لیے انھیں بالی وڈ میں 'مسٹری گرل' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
اس ضمن میں ان کی پہلی فلم 'وہ کون تھی؟' قابل ذکر ہے جس کے گیت اپنے زمانے کے بہترین اور سدا بہار گیتوں میں شمار ہوتے ہیں۔ یعنی 'لگ جا گلے کہ پھر یہ حسیں رات ہو نہ ہو' اور 'نینا برسے رم جھم رم جھم
اس سے ایک سال قبل فلم میرے محبوب آئی جس میں کئی ہٹ گیت تھے لیکن وہ کون تھی کے لیے انھیں فلم فیئر میں بہترین اداکاری کے لیے نامزد کیا گيا تھا۔
فلم 'وقت' ان کی یادگار فلموں میں سے ایک ہے اور جس کے گیت ہم جب سمٹ کے آپ کی بانہوں میں آ گئے' بہت مقبول ہوئے۔
اس کے ایک سال بعد 1966 میں ان کی فلم آرزو آئی جو بہت ہٹ رہی اور اس کے گیت بھی بہت یادگار رہے۔ جن میں 'بے دردی بالما تجھ کو میرا من یاد کرتا ہے' اور ’اجی روٹھ کر اب کہاں جائیے گا‘ وغیرہ شامل ہیں۔
ان کی دوسری پر اسرار فلم سنیل دت کے ساتھ میرا سایہ تھی جس میں انھوں نے ڈبل رول ادا کیا تھا اور اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں۔ فلم انیتا اس سلسلے کی تیسری پر اسرار فلم تھی۔

سادھنا اپنے آخری دنوں میں اکثر اپنی قریبی دوستوں ہیلن، وحیدہ رحمان اور نندا کے ساتھ ہوتی تھیں۔ فوٹو وکی پیڈیا

ان کی یادگار فلموں میں سنجے خان کے ساتھ 'ایک پھول دو مالی' بھی ہے۔ سادھنا نے زیادہ فلمیں نہیں کیں اور ایک بیماری کے سبب جلد ہی فلموں سے دور ہو گئی۔ ایک وقت تو ایسا آیا جب وہ کسی کیمرے کے سامنے آنے اور انٹرویوز دینے سے بھی گریز کرنے لگيں۔
اپنے آخری دنوں میں وہ اپنی قریبی دوستوں ہیلن، وحیدہ رحمان، نندا وغیرہ کے ساتھ دیکھی جاتی تھیں۔ انھوں نے اپنے زمانے کے سارے اہم اداکاروں کے ساتھ کام کیا لیکن دلیپ کمار کے ساتھ ان کی کوئی فلم نہیں آ سکی۔ انھوں نے راج کپور کے ساتھ فلم 'دلھا دلھن' میں کام کیا جبکہ دیو آنند، منوج کمار، سنیل دت، راجیندر کمار، اشوک کمار، شمی کپور، راج کمار، سنجے خان، اور فیروز خان کے ساتھ کام کیا۔
سادھنا کو ایک ٹرینڈ سیٹر اور اپنے زمانے کی گلیمر گرل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

شیئر: