Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمبابوے: رابرٹ موگابے انتقال کر گئے

موگابے کو 2017 میں اقتدار سے الگ کر دیا گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
افریقی ملک زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
موگابے 18 اپریل 1980 میں زمبابوے کی آزادی کے بعد ملک کے پہلے صدر بنے اور 2017 تک اس عہدے پر فائز رہے۔
برطانوی راج کے خلاف لڑ کر اپنے ملک کو سفید فارم اقلیت سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے موگابے کو ابتدائی طور پر مذاحمت کی علامت اور آزادی کے ہیرو کے طور پر دیکھا جاتا تھا تاہم ملک کی آزادی کے بعد انہوں نے کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہنے کے لیے ظلم اور زیادتی کو اپنا ہتھیار بنایا۔
آخر کار 2017 میں انہیں ان کے اپنے ہی وفادار سمجھے جانے والے فوجی جرنیلوں نے ایک بغاوت کے بعد اقتدار سے فارغ کر دیا۔  
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زمبابوے کے موجودہ صدر ایمرسن مننگاگوا نے ٹوئٹر پر بیان میں انتقال کی خبر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’موگابے آزادی کے ہیرو تھے، انہوں نے زندگی عوام کی آزادی اور اختیار کے لیے وقف کر دی تھی۔‘

موگابے پر اقتدار میں رہنے کے لیے سیاسی حریفوں کے خلاف طاقت کے استعمال کا الزام ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے لکھا کہ ’میں ان کے انتقال کا پیغام انتہائی دکھ کے ساتھ دے رہا ہوں۔ موگابے کی قوم اور افریقہ کے لیے خدمات تاریخ کا حصہ رہیں گی اور انہیں کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا۔‘
2017 میں اقتدار سے الگ کیے جانے کے بعد سے موگابے کی طبیعت ناساز تھی اور وہ ایک نامعلوم بیماری کے علاج کی خاطر سنگاپور میں زیر علاج تھے۔
ان کے انتقال کے مقام اور جنازے کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

شیئر: