Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یمنی حکومت سے تعاون جاری رہے گا‘

 سعود ی عرب کے نائب وزیرفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ریاض میں یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی سے ملاقات کی ہے۔ 
شہزادہ خالد بن سلمان نے یمنی صدر کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب، یمن اور صدر عبدربہ منصور ہادی کے زیر قیادت قائم آئینی حکومت کی حمایت کے موقف پر قائم رہے گا۔ 
خلیجی منصوبے، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور یمنی قومی مکالمے کے اعلامیے کے تحت یمن میں امن و سلامتی اور استحکام کے لیے پیش رفت کی جانی چاہپیے ۔
 سعودی نائب وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یمن کا امن مملکت کے امن سے جڑ ا ہے۔ 
 انہو ںنے ایران نواز حوثی ملیشیا سے نمٹنے ، یمن کی وحدت، امن اور استحکام برقرار رکھنے کے سلسلے میں یمنی حکومت کی حمایت کے موقف کو دہرایا۔
 دریں اثناءنائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ یمنی صدر سے ملاقات بہت مثبت رہی۔ 
’دوطرفہ اسٹریجک اور باہمی دلچسپی کے امور اور یمن کی داخلی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔یمنی صدر کو اس بات کا یقین دلایا گیا کہ ایران نواز حوثی ملیشیا اور اس کی دہشت گردی سے نمٹنے اور جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے مکمل تعاون جاری رہے گا‘۔
اس سے قبل ٹویٹ میں نائب وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے یمنی صدر سے ملاقات کی اور انہیں مملکت کی جانب سے بھر پور تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

شیئر: