Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ کے پروموشنل پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی فوٹو غائب، پی سی بی ناراض

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹکٹ سیلز بینر پر کپتان سلمان علی آغا کا فوٹو نہیں ہے (فوٹو: آئی سی سی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے آئندہ سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی فروخت کے لیے جاری کیے گئے پروموشنل پوسٹر میں پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو شامل نہیں کیا گیا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پی سی بی نے اس معاملے پر آئی سی سی سے باضابطہ رابطہ کیا ہے۔
جاری کیے گئے پوسٹر میں صرف پانچ ٹیموں کے کپتانوں کو دکھایا گیا ہے جن میں انڈیا کے سوریا کمار یادیو، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم، آسٹریلیا کے مچل مارش، سری لنکا کے داسن شناکا اور انگلینڈ کے ہیری بروک شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق پی سی بی کے ایک ذمہ دار ذریعے بتایا کہ ایسا ہی معاملہ چند ماہ قبل ایشیا کپ کے دوران بھی پیش آیا تھا جب براڈکاسٹرز نے پروموشنل مہم پاکستانی کپتان کے بغیر شروع کی تھی۔ بعدازاں پی سی بی کے ایشیئن کرکٹ کونسل سے بات کرنے پر صورت حال بہتر ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار بھی آئی سی سی نے ٹکٹوں کی تشہیری مہم میں پاکستانی کپتان کو نمایاں نہیں کیا جو قابلِ تشویش ہے۔
پی سی بی کو امید ہے کہ آئی سی سی اس معاملے کو سنجیدگی سے لے گی اور آئندہ پروموشنل پوسٹرز اور مہمات میں پاکستانی کپتان کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اردو نیوز نے جب اس پیش رفت کے متعلق موقف جاننے کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا تو پی سی بی کے ترجمان کا اس خبر کی تصدیق یا تردید کیے بغیر کہنا تھا کہ ’اس سلسلے میں آئی سی سی سے رابطہ کریں۔‘
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 7 فروری سے آٹھ مارچ 2026 تک انڈیا اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

شیئر: