Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناول نگار پاؤلو کوئلو بھی نواز الدین صدیقی کے مداح

نواز الدین بالی وڈ کی فلم ’گینگ آف واسع پور‘ سے مشہور ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی کی نیٹ فلکس سیریز ’سیکرڈ گیمز‘ میں اداکاری کے چرچے زبان زد عام ہیں اور ہر کوئی ان کی تعریف کر رہا ہے۔ ’سیکرڈ گیمز‘ میں نواز الدین صدیقی کے اداکاری کے مداحوں میں تازہ ترین اضافہ مشہور برازلین ناولسٹ پاؤلو کوئلو کا ہے۔
 پاؤلو کوئلو نے حال ہی میں یہ سیریز دیکھی اور نواز الدین صدیقی کی اداکاری کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
’سیکرڈ گیمز‘ کے دوسرے سیزن کی ہدایت کاری انوراگ کاشیاپ اور نیراج گھیوان نے کی ہیں۔

اداکار کی تعریف کرتے ہوئے پاؤلو کوئلو نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ ’عظیم اداکار نواز الدین صدیقی کے ساتھ ’سیکرڈ گیمز‘ نیٹ فلیکس کی بہترین سیریز میں سے ایک۔‘
خوشی سے سرشار نواز الدین نے پاؤلو کوئلو کو ٹویٹر پر ہی جواب بھی دے ڈالا۔ 
انہوں نے لکھا ’سر میں نے آپ کی کتابیں بشمول ’دی الکیمسٹ‘ پڑھی ہیں اور آپ کے ناول پر مبنی فلم ’ویرونیکا ڈیسائیڈ ٹو ڈائی‘ دیکھی ہے۔ میں ہمیشہ سے آپ کی تحریروں کا بہت بڑا مداح رہا ہوں۔ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ آپ جیسا شخص میری اداکاری کو نوٹس کرے اور پھر اس کا اظہار بھی کرے۔ میرے پاس اپنے جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں، آپ کا بہت شکریہ۔‘

خیال رہے کہ نیٹ فلیکس پر ’سیکرڈ گیمز‘ کے دوسرے سیزن کا پریمیئر اس سال 15 اگست کو ہوا تھا۔ اس سیزن کے ڈائریکٹرز انوراگ اور نیراج ہیں جبکہ فلم کی کاسٹ میں نواز الدین صدیقی، سیف علی خان، پنکاج تری پاٹھی، کلکی کوچلن اور رنویر شورے شامل ہیں۔
اس سیریز کے پہلے سیزن کے ڈائریکٹرز انوراگ اور وکرم موٹوانے تھے اور کاسٹ میں رادیھکا اپٹے اور کبرا سیٹ شامل تھے۔

 

پاؤلو کوئلو کی ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ 
رشابا بھاشن نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’نواز الدین اس وقت بالی وڈ کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ میں آپ کو مشورہ دوں گا کہ آپ ’گینگ آف واسع پور‘ دیکھیں جس سے نواز الدین مشہور ہوئے۔ انڈیا اور انڈین فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنے پر آپ کا شکریہ۔‘
رشابا کو جواب دینے ہوئے پائلو کوئلو نے لکھا کہ وہ ’گینگ آف واسع پور’ پہلے ہی دیکھ چکا ہیں اور بالی وڈ کے جنونی فین ہیں۔‘
 
ثنا رحمان نامی صارف نے لکھا کہ ‘او مائی گاڈ، پاؤلو کوئلو بھی نواز الدین کے کام کی تعریف کر رہے ہیں۔ کیا خاص لمحہ ہے۔ کئی سال کی محنت پر نواز اس تعریف کے مستحق ہیں۔‘
واٹس ایپ پر شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: