Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زیر تعمیر صدارتی محلات میرے ذاتی نہیں‘

عالیشان صدارتی محل تعمیر ہونے پر ٹویٹر اور فیس بک پر گرما گرم بحث چل رہی ہے
مصری صدر عبد الفتاح سی سی نے کہا ہے کہ مصر میں تعمیر ہونے والے نئے صدارتی محل ان کے ذاتی نہیں نہ ہی ان کے اہل خانہ کے زیر استعمال ہوں گے۔ یہ حکومت کی ملکیت ہیں۔
سی این این کے مطابق انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی محلات کے متعلق سوشل میڈیا میں ان کے اور اہل خاندان کے بارے میں جو باتیں ہورہی ہیں، وہ سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ مصر کے متعدد شہروں میں عالیشان صدارتی محلات تعمیر ہونے پر ٹوئٹر اور فیس بک پر گرما گرم بحث چل رہی ہے۔ الزام لگانے والوں کا کہنا ہے کہ صدر عبد الفتاح سی سی اپنے ذاتی استعمال کے لیے غیر ضروری محلات تعمیر کروا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے سی سی ذاتی استعمال کے لئے غیر ضروری محلات تعمیر کروا رہے ہیں۔ فوٹو: الاہرام الیوم

ٹوئٹر صارفین نے زیر تعمیر محلات کے نقشے جاری کرکے سوال کیا ہے کہ مصر اس وقت معاشی بحران سے دوچار ہے۔ مہنگائی عروج تک پہنچ گئی ہے جبکہ بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس عالم میں صدارتی محلات کی تعمیر کی ضرورت کیا ہے؟
مصر کے معروف ٹھیکیدار اور اداکار محمد علی سمیت متعدد لوگوں نے مصری صدر اور فوج کے خلاف میڈیا مہم چلارکھی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ صدر اور فوج غیر ضروری منصوبوں پر سرکاری خزانہ لٹا رہے ہیں۔ ان میں صدر سی سی اور ان کی اہلیہ کی فرمائش پر بنائے جانے والے صدارتی محل بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل ٹوئٹر صارفین نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ مصری صدر نے اپنی والدہ کا عالی شان مقبرہ بھاری لاگت سے تیار کرایا تھا۔

صدر کا کہنا ہے کہ مصر کی خاطر نئے صدارتی محل تعمیر کرارہے ہیں۔ فوٹو: الیوم السابع

صدارتی محلات کے متعلق سوشل میڈیا پر جاری بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے مصری صدرعبد الفتاح سی سی نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے اپنی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’فرزند مصر شریف اور مخلص ہے‘۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر بننے کے بعد سرکاری خرچ پر کھانا کھانے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے حکم جاری کیا تھا کہ وہ ایوان صدر میں کھانا اپنے خرچ پر کھائیں گے۔ ایوان صدر کے تمام اہلکاروں کو بھی کھانے کا خرچ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
مصری صدر نے توجہ دلائی کہ انہیں صدر بننے کے بعد جتنے تحائف ملے وہ سب اسپیشل میوزیم کی زینت بنوا دیئے گئے۔ 

مصری صدر کا کہنا ہے کہ الزام تراشیوں کا مقصد مصری عوام کے عزم کو کچلنا۔ فوٹو: الاہرام

دو ہفتے قبل مصری عہدیداروں پر بد عنوانی اور سرکاری خزانہ برباد کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ مصری صد ر نے انہیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان الزام تراشیوں کا مقصد مصری عوام کے عزم کو کچلنا، امید اور اعتماد کو تباہ کرنا ہے۔
عظیم الشان صدارتی محلات تعمیر کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مصر کی خاطر نئے صدارتی محل تعمیر کرارہے ہیں۔ آئندہ بھی کرائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ نئی ریاست تعمیر کر رہے ہیں۔ مصر کا نیا دار الحکومت دنیا دیکھے گی۔ 

شیئر: