Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: بورڈنگ کے لیے چہرے سے شناخت

دبئی ایئر پورٹ کے تمام بورڈنگ گیٹس پر نئی مشینیں نصب کی جائیں گی۔ فوٹو: اے ایف پی
مسافروں کی دلجوئی اور سفر میں پیش آنے والی دشواریاں حل کرنے کی کوشش اور نت نئی سہولتیں فراہم کرنا فضائی کمپنیوں کی پہچان بن گیا ہے۔ کمپنیاں اس سلسلے میں ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی فکر میں لگی رہتی ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق روانگی کے وقت بورڈنگ کے لیے چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی سے استفادہ امریکہ کی پہچان بنا ہوا تھا۔ امارات ایئرلائن پہلی کمپنی ہے جس نے امریکہ سے باہر مسافروں کو یہ ٹیکنالوجی فراہم کی ہے۔
امارات ایئرلائن نے یہ اعلان شہری ہوابازی سے متعلق ہونے والی سلامتی کانفرنس کے موقع پر کیا ہے۔ یہ کانفرنس 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔
امارات ایئرلائنز نے بتایا ہے کہ دبئی سے امریکہ کے 12 ہوائی اڈوں کے لیے سفر کرنے والوں کی شناخت بورڈنگ کے وقت صرف چہرے کے ذریعے ہوگی۔ اس کام میں دو سیکنڈ سے بھی کم وقت صرف ہوگا۔ 
مسافروں کو اس کے لیے پیشگی اندراج نہیں کرانا پڑے گا۔ جو مسافر بورڈنگ گیٹ سے گزرتے وقت اس ٹیکنالوجی سے فائدہ نہ اٹھانا چاہیں انہیں اس کا اختیار ہوگا۔

بورڈنگ کے لیے چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کا استعمال امریکہ کی پہچان ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

امارات ایئرلائنز نے اطمینان دلایا ہے کہ وہ اپنے مسافروں کے بائیو میٹرک ریکارڈ نہیں رکھتی اور امریکی ایجنسی ہی اس ٹیکنالوجی سے متعلق تمام امور دیکھ رہی ہے۔
امارات ایئرلائنز نے توقع ظاہر کی ہے کہ جلد ہی تمام بورڈنگ گیٹس پر نئی مشینیں نصب کر دی جائیں گی اور امریکہ کے کسی بھی ہوائی اڈے کے لیے دبئی سے سفر کرنے والوں کو آئندہ برس کے آخر تک بائیو میٹرک استعمال کرنا ہوگا۔
امارات ایئرلائنز نے بتایا ہے کہ بورڈنگ گیٹ پر مسافر کی تصویر کو پیش کیا جائے گا اور یہ پتہ لگایا جائے گا کہ امریکہ کے سسٹم میں محفوظ اس کی تصویر سے یہ تصویر مطابقت رکھتی ہے یا نہیں۔

شیئر: