Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ کی اجازت

انڈیا اور یورپی ممالک میں سماعت سے محروم افراد کے لیے ڈرائیونگ لائنسنس کی سہولت موجود ہے (فوٹو:پن ٹریسٹ)
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں پیر کو کراچی میں ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقعہ ہے کہ کسی صوبائی حکومت کی جانب سے سماعت سے محروم افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر کی جانب سے سماعت سے محروم افراد کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے ان افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے سمری جمع کروائی گئی تھی جسے پیر کو ہوئے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔
سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے موٹر رجسٹریشن کے قوانین میں کچھ ترامیم کی جائیں گی اور اس حوالے سے صوبائی اسمبلی قانون سازی کرے گی۔

سماعت سے محروم افراد کو اشاروں سے سمجھایا جاتا ہے۔ (فوٹو:ڈیف ریچ فیس بک)

اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری کردہ بیان میں قاسم نوید قمر نے صوبائی کابینہ کے فیصلے کو سماعت سے محروم افراد کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سماعت سے محروم افراد ایک طویل عرصے سے اس اجازت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے تھے اور ان سے اس معاملے پر متعدد ملاقاتیں ہوئیں۔
قاسم نوید قمر نے اس امید کا اظہار کیا کہ معذور افراد کے دیگر مسائل بھی آہستہ آہستہ حل ہوجائیں گے۔
معذور افراد کی بحالی کے لیے کام کرنے والے ادارے ناؤ پی ڈی پی (NOWPDP) کے ترجمان خالد شیروانی نے اردو نیوز کو بتایا کے اس اقدام کے لیے کئی سالوں سے کوششیں کی جا رہی تھی جس میں حکومت سندھ اور ٹریفک پولیس کے حکام سے بھی متعدد ملاقاتیں شامل ہیں۔
صوبائی حکومت، ٹریفک پولیس سے ہوئے مذاکرات میں سماعت سے محروم افراد کے ادارے دانش کدہ، میڈیا ڈیف، ناؤ پی ڈی پی اور فیملی ایجوکیشن اینڈ سپورٹ فاؤنڈیشن کے نمائندے شامل تھے اور اس حوالے سے آخری ملاقات تین ماہ قبل ہوئی تھی۔ اس موقع پر سماعت سے محروم افراد کی جانب سے موقف رکھا گیا تھا کہ جب ٹریفک پولیس اہلکار اشاروں کی مدد سے ٹریفک کنٹرول کر سکتا ہے اور لوگوں سے موثر رابطہ قائم کرسکتا ہے تو پھر سماعت سے محروم افراد ڈرائیونگ کیوں نہیں کر سکتے۔

سماعت سے محروم افراد کو بچپن ہی سے اشاروں سے سمجھنے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ (فوٹو:ڈیف ریچ فیس بک)

خالد شیروانی نے اس بات کی طرف بھی نشاندہی کروائی کے سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کی تربیت کی بھی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اصل رکاوٹ ٹریفک اہلکاروں کا رویہ ہے جو اس بات کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہوتے کہ سماعت سے محروم افراد بھی لوگوں سے رابطہ قائم کرسکتے اور محفوظ ڈرائیونگ کر سکتے ہیں۔
دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی اس حوالے سے قانون سازی موجود ہے، اور یورپی یونین، شمالی امریکہ، ایشیا یہاں تک کہ پڑوسی ملک انڈیا میں بھی سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ کی اجازت ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے خصوصی افراد کو پہلے ہی خصوصی قومی شناختی کارڈ اور معذوری سرٹیفکیٹ کے اجرا کو ممکن بنایا ہے۔ علاوہ ازیں، وزیر اعلی سندھ نے سرکاری نوکریوں میں معذور افراد کے لیے پانچ فیصد ملازمتوں کے کوٹے کا اعلان کیا تھا جس سلسلے میں ان افراد کے انٹرویوز لیے جا چکے ہیں اور جلد ہی کامیاب افراد کو آفر لیٹر دئیے جائیں گے۔

شیئر: