Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’درعیہ سے وفاداری‘: شہزادہ سعد کی جواں مردی آج بھی محل کے در و دیوار کا فخر ہے

درعیہ سیزن 26/25 کے ایک نمایاں پروگرام ’ھل القصور‘ میں آنے والے شائقین، الطریف ڈسٹرکٹ میں شہزادہ سعد بن سعود بن عبدالعزیز بن محمد بن سعود کے محل کے صحن میں اکثر مستغرق کھڑے رہتے ہیں۔ ان کی سوچ نجدی طرز تعمیر کی روایتی تفصیلات اور محل کے جدت پسند ڈیزائن پر ٹھہری رہتی ہے جہاں رہائشی اور سماجی امور میں ایک توازن برقرار رکھا گیا ہے۔
وزیٹرز کو یہاں ایک انٹرایکٹیو حسیاتی سفر کا احساس ہوتا ہے جو انھیں بصری اور سمعی راستوں سے گزارتا ہے جہاں محل کی کہانی آہستہ آہستہ کُھل کے سامنے آنا شروع ہوتی ہے۔ یہ کہانی تعمیر میں شہزادے کے وژن، درعیہ سے وفاداری اور وطن کی حفاظت کو ظاہر کرتی ہے۔
روشنیاں محل کے وسط میں یکجا ہو جاتی ہیں جہاں شہزادہ سعد کے آخری الفاظ ایک صاحبِ ایمان اور وطن سے محبت کرنے والے شخص کے طور پر گونجتے ہیں کہ ’یہ میرا گھر ہے اور میں سعد ہوں۔‘
شہزادہ سعد بن سعود نامی یہ محل جو تقریباً ایک ہزار سکوائر میٹر پر محیط ہے، انیسویں صدی میں شہزادے کی رہائش گاہ کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ شہزادے کی پیدائش، اپنے دادا امام عبدالعزیز بن محمد کی حکمرانی کے آخری زمانے میں ہوئی تھی۔ وہ شمالی درعیہ میں ایک فوجی یونٹ کے کمانڈر تھے اور درعیہ کے محاصرے کے دوران بڑی جواں مردی سے حملہ آور عثمانی فوج سے لڑے۔
فنِ تعمیر میں شہزادہ سعد بن سعود کے پختہ ذوق کی جھلک اس محل میں ہر جگہ نظر آتی ہے۔ یہ محل ایک بلند مقام پر الطریف ڈسٹرکٹ سے شمال کی طرف شہزادہ ناصر بن سعود بن عبدالعزیز کے محل سے زیادہ دور واقع نہیں۔

تفصیلات کی جانب بھرپور توجہ ہر جگہ دکھائی دیتی ہے۔ اُس وقت کے فنِ تعمیر سے ہٹ کر ایک نئے طرزِ تعمیر کو اختیار کرنا اور رہائشی عناصر پر بہت محتاظ انداز سے توجہ دینا اس محل کی خاص بات ہیں۔ مثال کے طور پر یہاں ہوا کے گزرنے کا نظام اور روشنی کے نشانات کو منفرد انداز میں بنایا گیا ہے جس میں وقت گزرنے کے ساتھ تبدیلیاں ہوئیں اور پھر وہ درعیہ میں جگہ جگہ پھیل گیا جسے عربی میں اللحوج کہتے ہیں۔
محل کا ایک انتہائی خاص پہلو اس کے قریب تعمیر ہونے والی مسجد ہے۔ یہ محل جسے گارے، اینٹوں، پتھروں اور تمرسک کی خاص لکڑی کے استعمال سے بنایاگیا تھا، دو منازل پر مشتمل ہے۔
اس محل کا صحن جس میں رہائشی کوارٹر بھی ہیں، شہزاد سعد کی فیملی کے ساتھ روزمرہ زندگی کی جھلک پیش کرتا ہے۔ یہاں مہمانوں کے لیے مجلس کی جگہ کا بھی انتظام ہے اور محل کی چھت بھی ہے۔

فنِ تعمیر کے یہ عناصر ظاہر کرتے ہیں کہ درعیہ کے رہنے والے مختلف ڈیزائنوں کو اختیار کرنے میں ماہر تھے تاکہ وہ اپنے ہنر کو ضرورت کے مطابق استعمال کر سکیں اور تعمیر بھی پائیدار ہو۔
درعیہ سیزن 26/25 ثقافتی میل جول کے لیے ایک مستقل پلیٹ فارم ہے جو درعیہ کی اس حیثیت کو تقویت دیتا ہے جو سعودی ریاست کا گہوارہ کہلاتی ہے۔
اس کے پروگرام اصل نجدی اقدار و اہمیت کے حامل ہیں اور دیکھنے کے لیے آنے والوں کو عالمی ایونٹ کے دوران جس میں کلچر، میراث او ریاست یکجا ہو جاتے ہیں، سعودی میزبانی اور اس کی راویات کے کھرے پن کا تجربہ پیش کرتے ہیں۔

شیئر: