Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سیاحوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کی حد ایک لاکھ ریال

سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کا اجراء اس ماہ سے کیا گیا.فوٹو ۔ ایس پی اے
سعودی عرب کی ہیلتھ انشورنس کونسل کی جانب سے مملکت  آنے والے سیاحوں کے لیے میڈیکل انشورنس کی مد میں کوریج کی حد ایک لاکھ ریال مقرر کی گئی ہے۔
میڈیکل انشورنس کی سہولت سیاحوں کو مملکت کے تمام شہروں میں حاصل ہو گی۔

 میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 140 ریال وصول کیے جاتے ہیں

ہیلتھ انشورنس کونسل کے ترجمان یاسر المعارک نے کہا"طبی بیمہ پالیسی حاصل کرنے و الے سیاحوں کومملکت آنے کے بعد طبی سہولتوں کی مد میں کسی قسم کی اضافی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی ۔تمام ادائیگیاں میڈیکل انشورنس کمپنی کے ذمہ ہی ہوں گی ـ"
عربی روزنامے عکاظ سے گفتگو کرتے ہوئے المعارک نے مزید کہا کہ "میڈیکل انشورنس کمپنی اس امر کی پابند ہو گی کہ وہ سیاحوں کو مقررہ تمام طبی سہولتیں بغیر کسی اضافی رقم کے اپنے نیٹ ورک میں مہیا کریں۔ اگرمطلوبہ سہولت نیٹ ورک میں موجود طبی اداروں میں دستیاب نہیں تو وہ اس کا متبادل فراہم کرنے کے پابند ہیں جس کے تمام اخراجات کمپنی کے ذمہ ہو ں گےـ"
واضح رہے سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کا اجراء اس ماہ سے کر دیا گیا ہے اس ضمن میں ویزہ فیس 300 ریال مقرر کی گئی ۔ سیاحتی ویزے کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی ہے جس کے بغیر ویزہ اسٹیمپ نہیں ہو تا۔ میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 140 ریال وصول کیے جاتے ہیں جو ویزہ فیس کے ساتھ جمع کرانا لازمی ہے۔
میڈیکل انشورنس کوریج کے حوالے سے المعارک کا کہنا تھا کہ " مملکت آنے والے سیاحوں کو جملہ طبی خدمات فراہم کرنا لازمی ہے جن میںمختلف بیماریوں کے علاوہ حادثات میں زخمی ہونے والوں کا علاج، دانتوں کے جملہ امراض ، گردوں کے مرض میں صفائی کی سہولت،اسپتال میں داخل ہونے کی صورت میں مریض کومکمل کوریج کی فراہمی بھی شامل ہے"۔
المعارک نے مزید کہا "میٹرنیٹی کی مد میں 5 ہزار ریال کی کوریج دی جائے گی ، سیاح کی مملکت میں موت ہونے کی صورت میں نعش منتقل کرنے کے لیے 10 ہزار تک کا پریمیم ادا کرنا کمپنی کے ذمہ ہو گا ، علاوہ نعش کے ہمراہ جانے والے فی کس کے اخراجات کی مد میں 5 ہزار ریال مقرر کیے گئے ہیں"۔

سعودی عرب نے 38 یورپی اور 7 ایشیائی ممالک کے لیے سیاحتی ویزے کی سہولت فراہم کی. فوٹو ۔ عربین بزنس

یاد رہے سعودی عرب نے 38 یورپی اور 7 ایشیائی ممالک کے لیے سیاحتی ویزے کی سہولت فراہم کی ہے جس کے تحت آنے والے سیاحوں کو آن لائن ویزہ یا مملکت آنے کے بعد ائیر پور ٹ پر ویزہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
سیاحوں ریاض ، جدہ ، دمام ، مدینہ منورہ اور العلاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ سکیں گے۔ اب تک حاصل ہونے والی رپورٹس کے مطابق 24 ہزار سے زائد سیاح مملکت پہنچ چکے ہیں جن میں چین کے باشندے سرفہرست ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: