Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مچھلی جو پانی کے بغیر بھی زندہ رہتی ہے

امریکی محکمہ زراعت اس مچھلی کو ’خطرناک جنگلی حیات‘ قرار دیتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست جارجیا میں ایک مچھیرے نے ایسی مچھلی پکڑی ہے جو پانی کے بغیر سانس بھی لے سکتی ہے اور زمین پر زندہ بھی رہ سکتی ہے۔
اس مچھلی کا نام ’سنیک ہیڈ‘ یعنی سانپ کے سر والی ہے۔ اسے خطرناک قرار دیا گیا ہے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق محکمہ جنگلی حیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ جو بھی اس مچھلی کو دیکھے اسے فوراً مار دے۔
وائلڈ لائف ریسورس ڈویژن کے چیف آف فشریز میٹ ٹھامس نے کہا کہ ’مچھیرے کی بروقت اطلاع کی وجہ سے ہمارا عملہ اس بارے میں تحقیقات کرنے اور ان پانیوں میں ایسی مچھلیوں کی موجودگی کا پتہ لگا سکا۔‘

جارجین حکام کا کہنا ہے اگر کوئی اس مچھلی کو پکڑ لیتا ہے تو اسے فوری طور پر مار دیا جائے اور فریز کر دیا جائے۔ فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ اب اس بات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ مچھلیاں صرف اسی پانی میں تھیں یا ان کا دائرہ جارجیا کے دیگر حصوں تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ مچھلی جارجیا میں پہلی مرتبہ دیکھی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گہرے خاکی رنگ کی اس مچھلی کی لمبائی تین فٹ تک ہوسکتی ہے اور یہ نہ صرف فضا میں سانس لے سکتی ہے بلکہ کم آکسیجن والی جگہوں سمیت زمین پر بھی زندہ رہ سکتی ہے۔
سنیک ہیڈ مچھلی کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ دوسری مچھلیوں کی خوراک اور ان کے رہن سہن پر اثر انداز ہوتی ہے اور جارجیا میں لائسنس کے بغیر اس مچھلی کو رکھنا غیر قانونی عمل ہے۔
جارجین حکام کا کہنا ہے اگر کوئی اس مچھلی کو پکڑ لیتا ہے تو اسے فوری طور پر مار دیا جائے اور فریز کر دیا جائے۔
امریکی محکمہ زراعت اس مچھلی کو ’خطرناک جنگلی حیات‘ قرار دیتا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں