Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فٹبال ٹیم فلسطین پہنچ گئی

سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم آئندہ  ایشین کوالیفائنگ راونڈ کے سلسلے میں فلسطین کے ساتھ میچ کھیلنے کے لیے تاریخ میں پہلی مرتبہ رام اللہ پہنچی ہے۔
فلسطین کے صدر محمود عباس نے سعودی ٹیم کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ سعودی ٹیم کا یہ تاریخی دورہ فلسطین اور سعودی عرب کے مابین بھرپور تعلقات کا عکاس ہے اور ہمیں ٹیم کے اس دورے پر فخر ہے۔ سعودی ٹیم کی آمد پر انہیں فلسطین کے خصوصی رومال اور پھولوں کے تحفے پیش کیے گئے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے سعودی فٹبال ٹیم کی آمد پرکہا کہ ہمیں اس دورے پر فخر ہے۔ فوٹوسبق نیوز

الشرق الاوسط کے مطابق سعودی عرب کی فٹبال ٹیم فلسطین کے ساتھ آئندہ ورلڈ کپ کے لیے ایشین کوالیفائنگ راونڈ کے سلسلے میں 15 اکتوبر کو میچ کھیلے گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین میچوں کا انعقاد کسی تیسرے ملک میں کیا جاتا تھا۔
رام اللہ میں سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم سے ملاقات کے دوران فلسطینی صدر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور فلسطین کے مابین مذہبی اور دیرینہ تاریخی رشتے ہیں۔ 
 اس موقع پر صدر محمود عباس نے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے فلسطین کے ساتھ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کردار انتہائی شاندار ہے۔ سعودی عرب شاہ عبدالعزیز آل سعود کے عہد سے اپنے موقف پر قائم ہے جو کسی وقت بھی تبدیل نہیں ہوا۔ یہ تحریک ہر سعودی کے دل میں ہے۔
اس موقع پر سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کے صدر یاسر المشعل نے خادم حرمین شریفین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین سعودی عرب کا پہلا مسئلہ ہے اور ہر سعودی شہری اس مسئلہ کی اہمیت کو محسوس کرتا ہے۔ یاسر المشعل نے اس تاریخی دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عہدیداروں کا پرتپاک خیر مقدم اور بہترین مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا ۔

شیئر: