Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے میں تاخیر پر جرمانہ 

بچے کی پیدائش ہوتے ہی ہسپتال سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ فوٹو: عاجل
محکمہ شہری معاملات (احوال مدنیہ) نے کہا ہے کہ نومولود بچوں کا برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے میں تاخیر پر جرمانہ ہوگا۔ شہریوں اور غیر ملکیوں کو بچے کی پیدائش کے ایک ماہ کے اندر سرٹیفکیٹ بنوانا چاہیے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری معاملات نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو آگاہ کیا ہے کہ بچے کی پیدائش ہوتے ہی ہسپتال سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے جسے ایک ماہ کے اندر محکمے میں رجسٹر کرانا اور پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ 
ایک ماہ سے زیادہ اور ایک سال سے کم عرصے کے لیے تاخیر کی گئی تو 50 ریال جرمانہ ہوگا جبکہ اس سے زائد عرصے کے لیے تاخیر ہونے پر ہر سال 50 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
محکمے نے کہا ہے کہ جرمانے سے استثنی کی صورت یہ ہے کہ بچے کی پیدائش محکمے کے قریب ترین دفتر سے 50 کلو میٹر دور ہوئی ہو۔ اس صورت میں تاخیر پر جرمانہ نہیں ہوگا۔ 

ایک ماہ سے زیادہ اور ایک سال سے کم عرصے کے لیے تاخیر پر 50 ریال جرمانہ ہوگا۔ فوٹو: عاجل

محکمے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بچے کی پیدائش بیرون ملک سفر کے دوران ہوئی ہو تو مملکت واپس آنے کے 15 دن کے اندر برتھ سرٹیفکیٹ بنوانا ضروری ہے ورنہ جرمانہ ہوگا۔ 
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محکمے نے کہا ہے کہ برتھ سرٹیفکیٹ بننے سے پہلے اگر کسی نے ہسپتال کے سرٹیفکیٹ میں بچے کا نام لکھوایا لیکن پھر اسے خیال آیا کہ نام تبدیل کرنا چاہیے تو اسے متعلقہ ہسپتال سے رجوع کرنا ہوگا اور ہسپتال انتظامیہ سے نیا سرٹیفکیٹ بنوانا ہوگا۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: