Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توجہ کا مرکز بننے والے ’الخویا‘ کون ہیں؟

سعودی شاہی خاندان کے رسم و رواج اور روایات کی تاریخ میں گہری جڑی ہیں۔ بہت سے لوگوں کو ان روایات کی باریکیوں کو اندازہ نہیں ہوتا۔ یہاں جب بھی کسی اہم مہمان کی آمد ہوتی ہے تو وہ ایوان شاہی کے رکھ رکھاؤ کو دیکھ کر مبہوت ہو جاتا ہے۔  
ایوان شاہی میں استقبالیہ تقریب مہمان کی عظمت اور شان وشوکت کے علاوہ شاہی خاندان کے نزدیک اس کی اہمیت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ یہاں آنے والے یقینا دوسرے ممالک کے سربراہان ہی ہوتے ہیں جن کے لئے عالیشان استقبالیہ تقریب کا انعقاد ہوتا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹین ہوں یا ان سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سب ہی ایوان شاہی کی شان وشوکت کا اظہار کئے بغیرنہ رہ سکے۔

 زعماء کی راہداری میں دونوں کناروں پر کھڑے ہونےوالے ان لوگوں کو ’’الخویا‘‘ کہا جاتا ہے ( فوٹو: العریہ)

روسی صدر پوٹین نے استقبالیہ تقریب کے دوران ہی پوچھ لیا کہ راہداری میں قطار بنائے مخصوص لباس زیب تن کرنے والے یہ لوگ کیا ہیں اور ان کی کمر میں یہ خوبصورت خنجر کیسا ہے؟
کم لوگ ہی جانتے ہوں گے کہ سعودی عرب کے فرمانروا اور مختلف زعماء کی راہداری میں کھڑے ہونے والے ان لوگوں کو ’الخویا‘ کہا جاتا ہے۔
’الخویا‘ جمع ہے اور اس کا ایک ’خوی‘ کہلاتا ہے۔ مقامی زبان میں ’خوی‘ ایسے ساتھی کو کہتے ہیں جو ہر وقت ساتھ رہے۔

روسی صدر نے پوچھاکہ مخصوص لباس زیب تن کرنے والے یہ لوگ کون ہیں اور ان کی کمر میں یہ خوبصورت خنجر کیسا ہے؟ (فوٹو: تواصل)

شاہی روایات کے مطابق الخویا روایتی سعودی لباس زیب تن کرتے ہیں۔ ثوب کے اوپر سنہری دھاروں والی بیلٹ باندھتے ہیں۔ کمرپر سنہری رنگ کا خنجر رکھا جاتا ہے اور ہاتھ میں سنہری رنگ کی چمکدار تلوار ہوتی ہے۔
بانی مملکت شاہ عبد العزیز کے قریبی ساتھی جو ہر وقت ان کے ساتھ رہتے تھے اور انہیں شاہ کی طرف سے مختلف ذمہ داریاں تفویض کی جاتی تھیں، انہیں ’الخویا‘ کہا جاتا تھا۔
گویا ’الخویا‘ شاہ عبد العزیز کے زمانے سے موجود تھے۔ شروع میں انہیں عسکری ذمہ داریاں بھی دی جاتی تھیں۔ یہ شاہ کے خصوصی ایلچی بھی تھے جو مختلف قبائل میں شاہ کی نمائندگی کرتے تھے۔

’’الخویا‘‘ جمع ہے اور اس کا ایک ’’خوی‘‘ ہے،  ’’خوی‘‘ ایسے ساتھی کو کہتے ہیں جو ہر وقت ساتھ رہے (فوٹو: واس)

سابقہ ادوار میں’خوی‘ شاہ کا اسلحہ بھی اٹھانے کا کام کرتے تھے۔ یہ شاہ کے محافظ بھی تھے۔ شاہ کی طرف سے پیغام رسانی کا کام بھی کرتے تھے۔
بعد ازاں سعودی عرب میں مسلح افواج کی باقاعدہ تشکیل ہوئی تو الخویا کی عسکری ذمہ داریاں ختم ہوگئیں۔ انہیں شاہی خاندان کے افراد تک محدود رہنے دیا گیا۔
وہ شاہ کی آمد پر استقبال اور رخصت ہونے پر الوداع کرتے ہیں۔ ’الخویا‘ کو مہمانوں کی تکریم اور اعزاز کے لئے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

’’الخویا‘‘ شاہ عبد العزیز کے زمانے سے موجود تھے

ایوان شاہی میں آنے والے مہمان کی شان وشوکت کے حساب سے ’الخویا‘ کی تعداد رکھی جاتی ہے۔ 
الخویا تمام گورنریٹس میں بھی موجود ہیں۔ جب کسی ریجن کے گورنر دورہ کر کے سے واپس آتے ہیں تو 10 سے 50 ’الخویا‘ ان کا استقبال کرتے ہیں۔

مسلح افواج کی باقاعدہ تشکیل ہوئی تو الخویا کی عسکری ذمہ داریاں ختم ہوگئیں (فوٹو: واس)

الخویا ایک طرح سے عسکری شعبہ ہے جس میں مختلف عہدے بھی ہیں۔ الخویا کا ایک سربراہ ہوتا ہے جو ایوان شاہی کی تقریبات میں انہیں منظم کرتا ہے۔
الخویا کا سربراہ فرمانروائے مملکت کے ساتھ سائے کی طرح ہر وقت رہتا ہے۔
ویڈیو:بشکریہ رشین ٹی وی 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: