Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے آنیوالی گاڑیوں کا بھی چالان

ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے.فوٹو ۔ الرجل میگزین
سعودی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں پر چالان کا آغاز یکم نومبر 2019 سے کیا جارہا ہے ۔ ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے جانے والے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے خواہ وہ مقامی ہوں یا بیرون ملک سے مملکت آنے والے ۔

حد رفتار سے زیادہ گاڑی چلانے پر 150 ریال چالان کیا جاتا ہے.فوٹو ۔ عاجل نیوز

عاجل نیوز ویب نے ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے لکھا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے قانون پر عمل درآمد  بیرون مملکت سے آنے والی گاڑیوں پر بھی کیاجائے گا ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ' مختلف ممالک کی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے مالکان مملکت سے جاتے وقت سرحدی چوکیوں پر چالان کی رقم جمع کرائیں گے جس کے بعد انہیں مملکت سے جانے کی اجازت ہوگی '۔
واضح رہے مملکت کے تمام شہروں میں خود کار ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے والا سسٹم نافذ ہے جس کے تحت حد رفتار ،سیٹ بیلٹ ، گاڑی ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سمیت ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرنے پر خود کارسسٹم کے تحت گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے گاڑی کے مالک پرخلاف ورزی درج کی جاتی ہے ۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا تھا کہ قبل ازیں خلیجی ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں پر خود کار چالان سسٹم کے ذریعے یہ ممکن نہیں تھا کہ ان کے مالکان کو چالان ارسال کیے جاسکیں ۔
یکم نومبر سے خود کارچالان سسٹم کو اپ کریڈ کیاجارہا ہے جس کے تحت خلیجی ممالک اور عرب ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کے ذریعے انکے خلاف چالان کرنے کا سلسلہ شروع کیاجارہا ہے ۔
عرب ریاستوں میں مقیم اکثر غیر ملکی بھی عمرہ سیزن  کے علاوہ سالانہ تعطیلات میں اپنی گاڑیوں کے ذریعے مملکت آتے ہیں ۔ اس ضمن میں انہیں ٹریفک قوانین کے بارے میں واقفیت حاصل کرنا لازمی ہے تاکہ خلاف ورزی پر انہیں معلوم ہو کہ کتنا جرمانہ ادا کرنا ہو گا ۔

اہم شاہراہوں پر خود کار چالان سسٹم " ساھر " نصب کیے گئے ہیں.فوٹو ۔ الرجل میگزین  

مقررہ حد رفتار سے زیادہ گاڑی چلانے پر 150 ریال چالان کیا جاتا ہے جبکہ ٹریفک سگنل کی خلا ف ورزی پر چالان کی رقم 3 ہزار ریال ہوتی ہے ۔ 
مملکت کی اہم شاہراہوں پر خود کار چالان سسٹم " ساھر " نصب کیے گئے ہیں جن کے ذریعے فوری طور پر خلاف ورزی ریکارڈ کرکے چالان گاڑی کے مالک کو ارسال کر دیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: