Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سیاح خواتین کا پہلا وفد نیوم میں

نیوم میں ہوائی اڈے کا پہلے ہی افتتاح کردیا گیا ہے فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب، اردن اور مصر پر مشتمل عظیم الشان سیاحتی شہر ’نیوم‘ میں سیر و سیاحت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
 ’ڈسکور نیوم‘ کے عنوان سے خصو صی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ جس کے تحت دنیا بھر کے لوگوں کو ابھرتا ہوا نیا سیاحتی شہر قریب سے دیکھنے، جاننے اور سمجھنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پہلی مرتبہ 20سے زائد سعودی سیاح خواتین کو نیوم کی سیر کرائی گئی۔ ان کا انتخاب ملک کے مختلف علاقوں سے کیا گیا ہے۔

 ’ڈسکور نیوم‘ کے عنوان سےخصو صی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ فوٹو ایس پی اے

سعودی سیاح خواتین کا کاررواں تبوک شہر سے نیوم پہنچا۔ وہاں انہیں 19گھنٹے تک شہر کے تاریخی اور ماحولیاتی مقامات کی سیر کرائی گئی۔ سیاح خواتین البدع کمشنری سے مغاییر شعیب گئیں پھر مقنا تحصیل ہوتے ہوئے تاریخی چشمے پر پہنچیں۔ وہاں سے الطیب گئیں۔ واپسی میں راس الشیخ حمید کی سیر کرتے ہوئے تبوک آگئیں۔
ٹورسٹ گائیڈ خاتون ھبہ العایدی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیاح خواتین کا یہ پہلا وفد نیوم پہنچا ہے۔ ان کے مطابق اس کی باقاعدہ تیاری کی گئی تھی اور تبوک ریجن کی دو ٹورسٹ گائیڈ خواتین نے اس کا پروگرام ترتیب دیا تھا۔ 
تبوک ریجن تاریخی مقامات سے مالا مال ہے۔ یہاں ان دنوں زندگی کے تمام شعبوں میں ترقیاتی پروگرام نافذ کئے جارہے ہیں۔ تبوک ریجن منفرد محل وقوع کا مالک ہے۔ خواتین کے لیے سیاحتی پروگرام تبوک ریجن میں فروغ سیاحت کے لیے ترتیب دیئے جارہے ہیں۔

 وفد کو19گھنٹے تک تاریخی اور ماحولیاتی مقامات کی سیر کرائی گئی۔ فوٹو ایس پی اے

سعودی سیاح خواتین کے علاوہ بیرونی دنیا کی خواتین کو بھی نیوم کے تاریخی اور سیاحتی مقامات ’ڈسکور نیوم‘ کے تحت دکھائے جارہے ہیں۔
 یاد رہے کہ نیوم میں ہوائی اڈے کا پہلے ہی افتتاح کردیا گیا ہے۔ شہر کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جارہا ہے۔
پہلے مرحلے میں یہاں کام کرنے والوں کے لیے رہائش اور دیگر جملہ ضروریات کا بندوبست کیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: