Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبر مارکیٹ سے کتنےغیر ملکی نکلے، کتنوں کو روزگار ملا؟

نجی اداروں میں کارکنان کی تعداد 83 لاکھ تک پہنچ گئی. فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب سے غیر ملکی کارکنان کی رخصتی کا سلسلہ روز بروز تیز ہوتا جارہا ہے تاہم ان کی جگہ روزگار پانے والے سعودیوں کی تعداد اتنی نہیں جتنی تعداد میں غیر ملکی سعودی لیبر مارکیٹ کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔
الوطن اخبار کے مطابق فروغ افرادی قوت فنڈ (ہدف) نے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی لیبر مارکیٹ کو خیر باد کہنے والے غیر ملکیوں کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 652 کے لگ بھگ ہے۔ اس دوران نجی اداروں میں روزگار پانے والے سعودیوں کی تعداد 44 ہزار 814 کے لگ بھگ ہے۔
رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں یومیہ ایک ہزار 468 غیر ملکیوں نے مملکت کو خیر باد کہا جبکہ 492 سعودی شہری نجی سیکٹر میں داخل ہوئے۔

دوسری سہ ماہی میں یومیہ ایک ہزار468 غیر ملکیوں نے مملکت کو خیر باد کہا۔

فروغ افرادی قوت فنڈ کے مطابق فی الوقت سعودی لیبر مارکیٹ کے نجی اداروں میں کارکنان کی تعداد 83 لاکھ تک پہنچ گئی ۔ ان میں سعودی ملازمین کا تناسب 20.3 فیصد ہوگیا ہے۔
فروغ افرادی قوت فنڈ نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی لیبر مارکیٹ میں سعودی باشندوں کی مجموعی تعداد 1.70 ملین ہوگئی ہے۔ 
سال رواں کی دوسری سہ ماہی میں بے روزگاری کی مجموعی شرح 12.3 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ روزگار تلاش کرنے والوں کی تعداد 1.00ملین رہی۔
ہدف کے مطابق سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران لیبر مارکیٹ میں سعودی ملازمین کی شرح 68.3 فیصد ہے۔ ان میں 31.7 فیصد خواتین ہیں۔ سعودی خواتین میں بے روزگاری کی شرح 31.1 فیصد جبکہ سعودی مردوں میں بے روزگاری کا تناسب 6.0 فیصد ہے۔ روزگار کی متلاشی خواتین کی شرح 82.3 فیصد ہے۔ مردوں میں اس کا تناسب 17.7 فیصد ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: