Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20، بسمہ اور جویریہ کا جادو چل گیا

پاکستانی کھلاڑیوں نے سیریز میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا (تصویر بشکریہ پی سی بی)
پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیشی ٹیم کو دوسرے ٹی 20 میں 15 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ 
بنگلہ دیشی ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 152 رنز بنا سکی۔ 
پاکستانی کپتان بسمہ معروف کو عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 
پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ 
پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی جانب سے کپتان بسمہ معروف نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جویریہ خان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سینچری بنائی، انہوں نے 52 رنز بنائے۔ 
دیگر کھلاڑیوں میں سدرہ امین 19 اور ارم جاوید تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ عالیہ ریاض دس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آرا عالم نے دو اور لتا موندل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 25 کے سکور پر ان کی تین وکٹیں کر چکی تھیں، تاہم اس کے بعد سنجیدہ اسلام اور نگار سلطانہ نے بیٹنگ لائن کو کچھ سہارا فراہم کیا۔ دونوں نے بالتریب 45 اور 21 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد فرگانہ حق نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 30 رنز بنائے۔ 
تاہم پاکستانی بولرز نے انہیں حاوی ہونے کا موقع نہ دیا اور مسلسل وکٹیں حاصل کرتی رہیں اور مقررہ 20 اوورز میں بنگلہ دیشی ٹیم کو سات وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز پر محدود کر دیا۔ 
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیانا بیگ، ثنا میر اور انعم امین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بدھ کو کھیلا جائے گا، جس کے بعد تین ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ 
کھیلوں کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں

شیئر: