Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حلوہ کھانے کے بعد صفائی کا انتظام کریں‘

آزادی مارچ کے شرکا خود کھانا بنانے کا انتظام کر رہے ہیں، فوٹو: اردو نیوز
2014 کے تحریک انصاف کے دھرنے میں میوزک پر اس وقت کی حکومت اور مخالف سیاسی جماعتیں تنقید کرتی تھیں لیکن اب اس تنقید کا رخ ’آزادی مارچ‘ کے ’حلوے‘ کی جانب مڑ گیا ہے۔
حکمران جماعت کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آزادی مارچ کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹ کی ہے کہ ’حلوہ مارچ کے دوسرے دن پشاور موڑ کے گرد و نواح میں تعفن پھیل گیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ صفائی کے لیے وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کو کروڑوں کا فنڈ مختص کرنا پڑ رہا ہے۔
فواد چوہدری نے 2014 کے دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کیا ہی اچھا ہو کہ پی ٹی آئی کے رضا کاروں کی طرح اس مارچ کے شرکا بھی حلوہ کھانے کے بعد صفائی کا انتظام خود کرتے۔‘
جے یو آئی ف کی قیادت میں آزادی مارچ کے شرکا ملک کے طول و عرض سے اسلام آباد آئے ہیں۔ ان شرکا نے اپنے ساتھ خوراک کا ذخیرہ بھی رکھا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ٹویٹ کے جواب میں ٹوئٹر صارفین نے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ان کو 2014 کا دھرنا بھی یاد دلایا ہے۔
ٹوئٹر صارف آئی ایم جیورسٹ  کے نام سے ایک صارف نے فواد چوہدری کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کروڑوں کا فنڈ مختص کرنے سے معلوم ہو رہا ہے کہ لاکھوں لوگ آئے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ہزاروں لوگوں کے لیے کروڑوں تو مختص نہ کیے جاتے۔

 ٹوئٹر صارف داؤد کشمیری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 126 دن کے دھرنے میں ڈی چوک کو کوڑا دان بنانے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت آپ کو  نظر انداز کرتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ’مزا اس وقت آئے گا جب مولانا جلوس نکالے گا، یہ مکافات عمل ہے۔‘
محمد عارف نامی صارف نے فواد چوہدری کو یاد دلایا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں صفائی اس وقت کی حکوت نے کروائی تھی۔
صحافی عرفان حیدر نے کہا کہ اس سے زیادہ بدبو آپ کے مشترکہ دھرنے میں تھی جس کی وجہ سے ان کو چیسٹ انفیکشن ہو گیا تھا۔
ایک صارف انجینئر فیصل صدیقی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ سی ڈی اے نے 2014 میں 30 ٹن کوڑا اٹھایا تھا۔
ایک صارف نے فواد چوھدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی یادداشت کافی کمزور ہے، پی ٹی آئی کا دھرنا ختم ہونے کے بعد کئی روز تک گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے مشترکہ طویل دھرنے میں تعفن پھیلنے اور کچرے کی شکایت سامنے آئی تھیں۔

شیئر: