انڈونیشیا کے صدر پروبوو سبیانتو دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر انڈونیشیا کے صدر پروبوو سبیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پینچیں گے۔
صدر پروبوو سبیانتو کے ہمراہ دورے کے دوران اہم وزراء اور سینئر حکام ہوں گے۔
یہ صدر پروبوو کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ انڈونیشیا کی جانب سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔
اپنے قیام کے دوران، صدر پروبوو وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ وہ صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، عاصم منیر بھی صدر پروبوو سے ملاقات کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں ایک وسیع ایجنڈے پر گفتگو کی جائے گی، جس کا مقصد پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہوگا، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، ماحولیات، تعلیم اور ثقافت کے شعبے شامل ہیں، ساتھ ہی علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کو بڑھانا بھی شامل ہے۔
