Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فوج ملکی اداروں کی مدد کا فریضہ انجام دیتی رہے گی‘

کور کمانڈرز کانفرنس نے اہم قومی معاملات پر فریقین کی ہم آہنگی کو ضروری قرار دیا، فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ریاست کا ادارہ ہے جو قومی اداروں کی مدد کے لیے آئین و قانون کے تحت فرائض انجام دیتا رہے گا۔ ان کے مطابق ’مذموم مقاصد کے لیے قربانیوں کے ثمرات کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔‘
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے مشترکہ قومی کاوشوں، پاکستان کی مسلح افواج، قومی اداروں اور سب سے بڑھ کر قوم کی قربانیوں سے بہتر داخلی سلامتی اور استحکام حاصل کیا۔ کسی کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہم کسی قیمت پر اس استحکام پر آنچ انہیں آنے دیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ملکی آئین و قانون کے تحت ملکی اداروں کی مدد کے لیے اپنے فرائض سرانجام دیتی رہے گی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول سمیت ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے اہم قومی معاملات پر تمام فریقین کی ہم آہنگی ضروری ہے۔
کانفرنس میں قومی داخلی سلامتی، مشرقی سرحد، ایل اوسی اور جموں و کشمیر کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: