’قیمتی ذخیرہ‘: مسجدالحرام کی لائبریری میں 10 ہزار نادر کتابیں اور مخطوطات محفوظ
جمعرات 1 اکتوبر 2026 6:35
نایاب ذخیرے کو علمی معیار کے مطابق کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ مسجد الحرام میں واقع لائبریری کا شمار قدیم ترین کتب خانوں میں ہوتا ہے جہاں 9 ہزار 612 سے زیادہ نادر کتب اور مخطوطات، رسائل اور قدیم اخبارات کا قیمتی ذخیرہ موجود ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ لائبریری ایک اہم ثقافتی مرکز کے طور پر اسلامی ورثے کے تحفظ اور علمی تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
لائبریری میں موجود نایاب ذخیرے کو علمی معیار کے مطابق مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کتب کی عمر، موضوع، علمی اہمیت، مصنف یا کسی معروف عالم کی دستخط شدہ تحریر، خطاطی کے نمونے اور کتب و مخطوطات پر کی جانے والی فنی آرائش و زیبائش شامل ہے۔
بہت سی کتب پر مصنفین کے اپنے ہاتھوں سے تحریر کردہ حاشیے بھی موجود ہیں جو انہیں مستند تاریخی ذرائع کے طور پر مزید اہم بناتے ہیں جبکہ سنگی (قدیم طرز طباعت) سے شائع ہونے والی کتب بھی اس قیمتی ذخیرے کا حصہ ہیں۔
ادارہ امور حرمین شریفین ان قیمتی کتب کے تحفظ کے لیے خصوصی پروگرام پر عمل کر رہی ہے جس مں جراثیم کش، جلد بندی، خراب صفحات و سرورق کی اصلاح سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔

کتب خانے میں محققین اور طلبہ کے لیے مطالعہ گاہ بھی قائم ہے جہاں مختلف علمی مواد تک رسائی کے ساتھ ڈیجیٹل لائبریری کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ بچوں کے لیے الگ لائبریری میں تعلیمی و مطالعاتی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں۔
مسجد الحرام لائبریری جمعے کے علاوہ ہفتے کے تمام دن صبح آٹھ سے رات آٹھ بج کر 45 منٹ تک کھلی رہتی ہے۔
