فلائی دبئی کے تمام مسافر متبادل طیارے کے ذریعے تبوک سے روانہ
متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات جا رہی ہے۔ ( فوٹو: اخبار 24)
تبوک میں پرنس سلطان بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے تمام مسافر متبادل پرواز کے ذریعے شام پانچ بجکر 40 منٹ پر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔
ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کو بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 44 منٹ پر ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی درخواست پر مبنی ایمرجنسی پیغام موصول ہوا تھا۔
ایئرپورٹ نے انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرکے طیارے کی معاونت کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے۔ طیارے نے صبح 9 بجکر 45 منٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
طیارے کا کپتان اور فرسٹ آفیسر دونوں زخمی تھے جنہیں ضروری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ٹرمینل پر مسافروں کی ضروری دیکھ بھال کی گئی۔ متبادل طیارے کے انتظام کے لیے ایئرلائن کے ساتھ رابطہ کیا گیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایئر نیویگیشن، مسافروں اور کیبن کریو کی سیفٹی سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں اور ضوابط کے تحت سعودی جنرل آتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے قواعد و ہدایات کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔
متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے کی ضروری تحقیقات جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں فلائی دبئی نے ایک بیان میں کہا کہ پرواز پر موجود عملے نے طیارے کو کامیابی کے ساتھ محفوظ کیا اور اس کا رخ موڑ کر اسے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔
بیان میں کہا گیا محرکات کا ابھی پتہ نہیں چلاِ۔ معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کی جا رہی ہے۔
