Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ماہا‘ طوفان سے سعودی عرب کو بھی خطرہ

طوفان کا رخ بحیرہ عرب میں شمال مغرب کی طرف ہوگیا ہے۔فوٹو سبق
 بحیرہ عرب میں سمندری طوفان’ماہا‘ شدت اختیار کرتا جارہا ہے جس سے سعودی عرب سمیت تین خلیجی ممالک کو بھی خطرہ ہے۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان میں موسمیات کے اداروں نے اعلان کیا ہے کہ فی الوقت طوفان بحیرہ عرب کے مشرق میں ہے اور یہ اول درجے کے طوفان کی شکل اختیار کررہا ہے۔
ہوا کی رفتار 110 تا 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ طوفان کا رخ شمال سے بحیرہ عرب میں شمال مغرب کی طرف ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں آنے والا ’کیار‘ نامی طوفان بتدریج دم توڑ رہاہے تاہم خلیج عدن سے لے کرصومال تک کے علاقے پر اس کے اثرات ابھی برقرار ہیں۔

عمان کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کا رخ انڈیا کے ساحلوں کی جانب ہونے کا امکان ہے۔ فائل فوٹو ایس پی اے

 آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے ساتھ اونچی سمندری لہریں اٹھتی رہیں گی اور تیز ہواﺅں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سلطنت عمان کے محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہا کہ طوفان ابھی سلطنت عمان سے 850 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ طوفان کا رخ مسلسل شمال کی جانب ہے۔ طوفان کا رخ انڈیا کے ساحلوں کی جانب ہونے کا امکان ہے۔
متحدہ عرب امارات میں موسمیات کے قومی مرکز نے بیان جاری کرکے بتایا کہ مھا طوفان بحیرہ عرب کے مشرق میںاول درجے کے طوفان کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ 
اماراتی محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا کہ ’ماہا‘ طوفان ہواﺅں کے اثر سے درجہ دوم کی شکل اختیار کرلے گا۔ طوفان کے مرکز میں ہواﺅں کی رفتار 160 تا 170 کلو میٹرفی گھنٹہ کی ہے۔
اس کا امکان ہے کہ سمندری لہریں پیر سے بدھ تک مشرقی ساحل کے بعض نشیبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیں۔
متحدہ عرب امارات نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا ہے۔ عوام سے کہا گیا کہ وہ اس سلسلے میں احتیاط سے کام لیں اور مشرقی ساحلوں سے دور رہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں