Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایران پر نئی امریکی پابندیوں کے فیصلے کا خیر مقدم‘

کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے ۔فوٹو ایس پی اے
سعودی کابینہ نے ایرانی نظام کے ماتحت تنظیموں اور اداروں کو دہشت گردی کے نیٹ ورک میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ریاستی سلامتی پریذیڈنسی نے ایرانی نظام سے تعلق رکھنے والی 28 کمپنیوں، بینکوں اور ان شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے جنہیں دہشت گرد تسلیم کرلیا گیا ہے۔
 کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔

آرامکو  حصص فروخت کرنے سے بین الاقوامی اقتصادی حیثیت مضبوط ہوگی۔فوٹو ایس پی اے

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق سعودی کابینہ نےاس یقین کا اظہار کیا ہے کہ مارکیٹ میں آرامکو کے حصص فروخت کرنے سے اس کی بین الاقوامی اقتصادی حیثیت مضبوط ہوگی۔
 شاہ سلمان نے اجلاس کے آغاز میں برازیل،کینیا،نائجیریا کے سربراہوں، برطانیہ کے سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ مذاکرات اور دو طرفہ تعلقات پر ہونے والی بات چیت کے نتائج سے کابینہ کو آگا ہ کیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد سے موصول ہونے والے مکتوب بھی کابینہ کے سامنے رکھا۔
سعودی کابینہ نے سوئٹزرلینڈ، انڈیا اور برازیل کے سربراہوں کے دورہ مملکت کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مختلف شعبوں میں سعودی عرب اور تینوں دوست ممالک کے درمیان تعاون اور مشاورت کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

کابینہ نے فیوچر انویسٹمنٹ 2019 فورم  پراطمینان کا اظہار کیا۔فوٹو ایس پی اے

 اعلامیے میں تینوں ممالک کے ساتھ تعاون کے معاہدوں اور سعودی وژن 2030 کے ساتھ مہیا اقتصادی مواقع دریافت کرنے کا عندیہ دیا گیا۔
سعودی وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے بتایا کہ کابینہ نے فیوچر انویسٹمنٹ 2019 فورم اور اس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم میں عرب ممالک، افریقہ، یورپی ممالک ، شمالی اور جنوبی امریکہ کے ممالک کے سربراہ ، وزرائے اعظم اور اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ 30 سے زیادہ ممالک کی بین الاقوامی کمپنیوں کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز نے فورم میں شرکت کی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: