Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالیہ بھٹ کو گجراتی ٹیوٹر کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

عالیہ بھٹ گجراتی کی اس بولی سے مانوس نہیں کیونکہ یہ کچھ علاقوں سے باہر نہیں بولی جاتی، فوٹو: ٹویٹر
بالی وڈ سٹار عالیہ بھٹ خود گجراتی پس منظر رکھتی ہیں، ان کے والد فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ اور آباؤ اجداد کاٹھیواڑ کے رہنے والے تھے۔
گجراتی ہونے کے باوجود عالیہ کو سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’گنگو بائی کاٹھیواڑی‘ کے لیے اپنی گجراتی طرز تکلم کو درست کرنے کے لیے ٹیوٹر کی ضرورت پڑ گئی ہے۔
انڈین نیوز ویب سائٹ ’مڈ ڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق چونکہ عالیہ بھٹ کی گجراتی بولی میں فرق ہے اس لیے انہوں نے مراٹھی اداکاروں منوج جوشی اور سپریا پھاٹک سے رابطہ کیا ہے اور اس حوالے سے ان سے مدد مانگی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ عالیہ بھٹ کے دادا ’نانا بھائی بھٹ‘ گجراتی برہمن تھے اور ان کا تعلق کاٹھیواڑ سے تھا۔
لیکن عالیہ بھٹ گجراتی کے اس بولی سے مانوس نہیں کیونکہ یہ گجرات کے کچھ علاقوں سے باہر نہیں بولی جاتی۔
چونکہ اداکارہ عالیہ بھٹ فلم کی تیاری کے حوالے سے خاصے محتاط ہیں اس لیے انہوں نے ٹیوٹر کی تلاش شروع کر دی ہے تاکہ وہ اس حوالے سے ان کی رہنمائی کر سکیں۔

 

فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی نے بھی اس حوالے سے ممبئی کے گجراتی تھیٹر کی کچھ مشہور شخصیات سے بھی رابطہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان شخصیات میں منوج جوشی اور سپریا پھاٹک بھی شامل ہیں۔
چونکہ عالیہ بھٹ ایک ماہ کے لیے گجراتی زبان کی کلاسز لیں گی اس لیے فلم کے شوٹنگ بھی ساتھ ساتھ شروع ہو گی۔
اس گجراتی بولی پر سندھی کے اثرات بہت زیادہ ہیں کیونکہ اس علاقے میں کاٹھی اور راجپوت بہت زیادہ تعداد میں رہتے تھے جن کا تعلق موجودہ راجستھان اور سندھ سے تھا۔
فلم کی کہانی کوٹھے کی ایک تند خو مالکن کے گرد گھومتی ہے جن کا 60 کی دہائی میں راج تھا۔ کوٹھے کی مالکن نے اپنے گاہکوں کے لیے غنڈے بھی پال رکھے تھے جو منشیات کا کاروبار بھی کرتے تھے۔ اس خاتون کا تعلق ایک متوسط طبقے کے کاٹھیواڑی خاندان سے تھا جن کو  ممبئی کے کوٹھے پر فروخت کیا گیا تھا۔

سنجے لیلا بھنسالی نے ’گنگو بائی کاٹھیواڑی‘ بنانے کا اعلان فلم ’ان شا اللہ‘ کا منصوبہ ختم کرنے کے بعد کیا، فوٹو: اے ایف پی

سنجے لیلا بھنسالی نے ’گنگو بائی کاٹھیواڑی‘ بنانے کا اعلان اپنی فلم ’ان شا اللہ‘ کا منصوبہ ختم کرنے کے بعد کیا۔ ’ان شااللہ‘ میں سلمان خان اور عالیہ بھٹ کو پہلی مرتبہ اکھٹے کاسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
’ان شااللہ‘ بنانے کا منصوبہ ترک کرنے کا اعلان عالیہ اور سلمان خان کے درمیان ’تخلیقی اختلافات‘ کے باعث کیا گیا۔
عالیہ بھٹ نے ’ان شااللہ‘ کے منصوبے کو ترک کرنے کے اعلان پر کہا تھا کہ ’میں سلمان خان اور سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت زیادہ پرجوش تھی، لیکن میرا ایمان ہے کہ بعض اوقات ایسی چیزیں ہو جاتی ہے جو کہ آپ کے اختیار میں نہیں ہوتیں۔ منصوبے جس طرح بنائے جاتے ہیں اس طرح ہوتے نہیں، لیکن میں آپ کو تحریری یقین دہانی کرا سکتی ہوں کہ میں بہت جلد سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام کرنے جا رہی ہوں۔‘
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: