Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی اداروں کو اصلاحات کے لیے 3 ماہ کی مہلت

مہلت ختم ہونے کے بعد انسپکٹرز تفتیشی دورے شروع کریں گے۔فوٹو سوشل میڈیا
وزارت محنت و سماجی بہبود نے قانون محنت کے ماتحت تمام بڑے اور درمیانے درجے کے نجی اداروں سے کہا ہے کہ وہ تین ماہ کے اندراصلاحات کا عمل اپنے طور پر مکمل کرلیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت کے ترجمان خالد ابا الخیل نے بتایا کہ وزارت محنت اس سے قبل ایک قرارداد جاری کرچکی تھی جس میں بڑے اداروں سے کہا گیا تھا کہ وہ نومبر کے اختتام سے قبل اپنا جائزہ مکمل کرلیں جبکہ درمیانے درجے کے اداروں نے یہ کام 23 اکتوبر کو شروع کیا تھا۔
وزارت محنت نے تمام چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو خلاف ورزیوں سے بچنے کے لیے اصلاح حال کی مہلت تین ماہ مقررکردی ہے۔

انسپکٹرز ادارے کی جانچ 17معیار کی بنیاد پر کریں گے۔فوٹو سوشل میڈیا

ابا الخیل کے مطابق مہلت ختم ہونے کے بعد ہی وزارت کے انسپکٹرز تفتیشی دورے شروع کریں گے۔ وزارت نے یہ مہلت اس مقصد کے لیے دی ہے تاکہ قوانین محنت کے تحت آنے والے تمام اداروں میں شفافیت کا معیار بلند ہو۔ کام کا ماحول بہتر ہو اور تمام ادارے قانون محنت کی پابندی کریں۔
وزارت محنت کے ترجمان نے مزید بتایا کہ وزارت چاہتی ہے کہ تمام بڑے اور درمیانے درجے کے ادارے اپنا احتساب از خود کریں اور تفتیشی دورے شروع ہونے سے قبل اپنی غلطیوں کی اصلاح اپنے طورپر کرلیں۔ 
’تمام ادارے از خود اصلاح کے پروگرام میں اپنا اندراج کرالیں۔ خود احتسابی کی بدولت ہر ادارہ اپنی خامیوں، کمزوریوں اور غلطیوں کی اصلاح بہتر شکل میں کرسکے گا۔ ایسا کرنے سے تفتیشی عمل شروع ہونے پر مختلف قسم کی پابندیوں سے بھی بچا جاسکے گا‘۔
وزارت محنت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خود احتسابی کا مرحلہ تمام نجی اداروں میں شفافیت کا ماحول برپا کرنے کے لیے پہلا اہم قدم ہے۔ وزارت نے خود احتسابی کے لیے 17معیار مقرر کئے ہیں۔ ان میں سے پانچ کا تعلق اداروں، چھ کا تعلق ملازمین اور چھ کا بعض زمروں کو روزگار دینے سے ہے۔
ترجمان کے مطابق وزارت کے انسپکٹرز تفتیشی دورے کے موقع پر ہر ادارے کی جانچ انہی 17معیار کی بنیاد پر کریں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: