Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی خواتین کی پذیرائی

یہ پروگرام النھضہ اور اوبر کے مابین اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ فوٹو۔عرب نیوز
سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں النھضہ اور اوبر کی جانب سے مشترکہ طور پر ’مسارکی‘ پروگرام میں حصہ لینے والی خواتین کے لیے خاص تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی سعودی خواتین کی پذیرائی کرنا تھا۔
النھضہ ایک ایسی غیر منافع بخش تنظیم ہے جو سعودی عرب کے معاشرتی ماحول میں خواتین کی پروقار طریقے سے شرکت کو اہمیت دیتی ہے اور خواتین کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں ان کی مدد کرتی ہے تا کہ ترقی کے سفر میں خواتین کردار ادا کرسکیں۔

رحاب الرویلی کا کہنا ہے اب انہیں کہ کسی پرانحصار کی ضرورت نہیں۔ فوٹو۔عرب نیوز

عرب نیوز کے مطابق تقریب کا اہتمام ریاض میں النھضہ کے ہیڈ کوارٹر میں کیا گیا جس میں وہ خواتین شامل تھیں جنہوں نے النھضہ اور اوبر کے تعاون سے سعودی ڈرائیونگ اسکول سے ٹریننگ لے کر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے ہیں۔
 یہ تقریب پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سعودی ڈرائیونگ سکول اور اوبر کے مشترکہ تعاون سے ڈرائیونگ کی ٹریننگ لینے والی خواتین کے پہلے گروپ کے اعزاز میں تھی۔
تقریب میں 24 سالہ طالبہ رحاب الرویلی موجود تھیں۔ النھضہ کی جانب سے فیس کی ادائیگی کے بعد سعودی ڈرائیونگ سکول میں تربیت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے لائسنس حاصل کر لیا ہے۔ ریحاب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ بہت اچھا تجربہ ہے۔ اس ادارے نے مالی مدد کے ساتھ بہت تعاون بھی کیا ہے۔

رحاب الرویلی کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بعد ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو۔عرب نیوز

 
رحاب نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بعد میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب میں کسی مدد یا سہارے کے بغیر اپنی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ کر سکتی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ملازمت ڈھونڈنے میں آسانی ہو گی کہ مجھے کسی پرانحصار کی ضرورت نہیں، آنے جانے کا بندوبست خود کر سکتی ہوں جبکہ پہلے ایسا نہیں تھا ہمیں دوسروں کی مدد حاصل کرنے کے لیے انتظار کرنا پڑتا تھا۔
ایسے پروگرام کے ذریعے وہ خواتین جو سنگل مدر، بیوہ یا غیر شادی شدہ ہیں وہ اپنی کفالت کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب مجھے احساس ہوا ہے کہ ہماری ذاتی ضروریات کے حصول کے لیے شادی اولین ترجیح نہیں۔
تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو اوبر اور النھضہ کی شراکت میں خدمات کی پیشکش کی گئی ہے۔ ’مسارکی‘ تربیتی پروگرام کے تحت تقریب کے دوران اوبر کے چیف بزنس آفیسر بروکس اینٹوسٹل نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر النھضہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکن ماﺅنیر الطوق نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام النھضہ اور اوبر کے مابین اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے نائب صدر فواد الشھلی نے النھضہ اور اوبر کے شراکتی پروگرام کے ذریعے خواتین کو باصلاحیت اور با اختیار بنانے میں مدد اور تعاون کرنے پر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام سے ہم مزید خواتین کو ہنر مند بنانے اور ان کی رہنمائی کر کے معاشی طور پر مستحکم کرنے میں آسانیاں فراہم کریں گے۔

شیئر: