Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ اور ریاض ہوائی اڈوں پر گونگوں کے لیے نئی سہولت

سفر کی کارروائی کسی مدد گار کے بغیر انجام دی جاسکے گی۔ فوٹو مکہ اخبار
سعودی عرب میں معذوروں کا حد درجہ خیال کیا جارہا ہے اور اب انہیں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں اپنی بات اشاروں کی زبان میں سمجھانے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ 
مکہ اخبار کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے گونگے مسافروں کے لیے انسانیت نواز سہولت فراہم کردی ہے۔ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے گونگے اپنی بات اشاروں کی زبان میں سمجھاسکیں گے اور انہیں ایئرپورٹ حکام اپنی بات اشارے کی زبان میں سمجھا سکیں گے۔ یہ کام اشارے کی زبان کی ایپلی کیشن کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔

فوری ترجمے کی بدولت سارے کام آسانی سے طے پا سکیں گے۔ فوٹو: ٹوئٹر

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایگزیکٹیو ٹرمینل پر اشاراتی ایپلی کیشن کا انتظام شروع کیا گیا تو انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکشن کے معاون چیئرمین احمد القرشی، ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل عصام نور اور ایئرپورٹ ٹرمینل ون کے ڈائریکٹرجنرل یوسف عطیہ بھی موجود تھے۔ 
’اشارہ‘ ایپلی کیشن کی بدولت رابطہ تیزی سے ہوگا اور گونگوں کو کسی قسم کی خفت نہیں ہوگی۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے گونگے شخص کے بارے میں ساری معلومات مہیا ہوسکیں گی اور اس کی بات مترجم مرد یا خاتون جان کر جواب دے سکے گا۔
یہ سہولت ‘علم‘ کمپنی کے تعاون سے پیش کی جارہی ہے۔
’علم ‘ کمپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اسپیشلسٹ ہے۔ ’اشارہ‘ ایپلی کیشن کے پانچ بڑے اہداف ہیں۔
٭ گونگے مکمل خود مختار ہوں گے۔ سفر کرتے وقت کسی کے محتاج نہیں رہیں گے۔
٭ سفر کی ساری کارروائی کسی مدد گار کے بغیر اپنے طور پر انجام دے سکیں گے۔
٭ فوری ترجمے کی بدولت سارے کام آسانی سے طے پاسکیں گے۔
٭ اس ایپلی کیشن کے ذریعے گونگے مطلوبہ خدمات فراہم کرنے والوں سے مکمل رابطے میں ہوں گے۔
٭ اس ایپلی کیشن کو ’اشارہ‘ کے نام سے اسمارٹ موبائل فون میں ڈاﺅن لوڈ کیا جاسکے گا۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں                       

شیئر: