Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھیل کے میدان میں بھی اب پاکستان کے مزید قریب

سعودی عرب اور پاکستان میں سپورٹس کے شعبے میں تعاون کے لیے مذاکرات چل رہے تھے، فوٹو سبق
سعودی عرب کی مجلس شوریٰ  نے پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کی مسودے کی منظوری دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق منگل کو مجلس شوریٰ کا اجلاس ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے معاہدے کا مسودہ پیش کیا گیا اور  شوریٰ میں بحث کے بعد اس مجوزہ معاہدے کے حق میں فیصلہ دیا گیا۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایک عرصے سے سپورٹس کے شعبے میں وسیع البنیاد معاہدے کے لیے مذاکرات چل رہے تھے تاہم اس بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی گئی کہ کس کس کھیل میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
اس اجلاس میں پاکستان کے کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے مسودے کے  علاوہ دیگرموضوعات پر بحث اور پھر مجوزہ مسودوں پر ووٹنگ ہوئی جس میں ارکان شوریٰ نے تیونس کے ساتھ سماجی بہبود کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کے مسودے جبکہ کوریا کی وزارت ثقافت و سپورٹس و سیاحت کے ساتھ سپورٹس کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دے دی۔
ارکان شوریٰ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تدریس کے لائحہ عمل کے حق میں بھی ووٹ دے دیا۔
خیال رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے سمیت سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے ہوئے ہیں۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں برس پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے سرکاری دورے کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کیا تھا۔    
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: