Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان سکیورٹی آپریشن، 365غیر قانونی تارکین گرفتار

سیکیورٹی اہلکاروں نے منصوبہ بند طریقے سے آپریشن کیا۔فوٹو عاجل
مشترکہ سیکیورٹی فورس نے جازان کی الدایر کمشنری کے پہاڑوں اور غاروں میں بڑا سیکیورٹی آپریشن کیا ہے۔ یہ آپریش رات گئے تک جاری رہا۔ ان پہاڑوں اور غاروں میں بڑی تعداد میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے، درانداز اور سمگلر ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔
مقامی نیوز ویب سائٹ عاجل کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے منصوبہ بندی کے تحت آپریشن کیا تھا۔ آپریشن شروع کرنے سے قبل خفیہ اہلکاروں کی مدد سے معلومات جمع کرلی گئی تھیں۔ اس آپریشن میں 365 سے زیادہ غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

بیشتر غیر قانونی تارکین منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھے۔ فوٹو عاجل

بیشتر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھے۔ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ممنوعہ اشیا برآمد کی گئیں۔ یہ لوگ دشوار گزار غاروں میں قلعہ بند تھے۔ ان تک رسائی بے حد مشکل تھی۔
سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے پہاڑوں اور غاروں کے ایک، ایک چپے کی تلاشی لی۔ 3 ہزار سے زیادہ قات کی گانٹھیں، 1300 تمباکو کے تھیلے اور 900 سے زیادہ تمباکو کی بوریاں ضبط کی گئیں۔

یہ آپریشن باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ فوٹو عاجل

گورنر جازان شہزادہ محمد بن ناصر نے پہاڑوں اورغاروں میں سیکیورٹی آپریشن کی ہدایت جاری کی تھی جبکہ ان کے نائب شہزادہ محمد بن عبدالعزیز آل سعود آپریشن کی نگرانی کررہے تھے۔ 
دراندازوں کا بڑے پیمانے پر تعاقب کیا گیا تاہم بعض درانداز فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
کمشنر نایف بن ناصر نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سکیورٹی آپریشن آئندہ بھی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے میں کسی بھی غیر قانونی مقیم کو رہنے نہیں دیا جائے گا۔ 

شیئر: