Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: ’پیشے کی تبدیلی پر کوئی فیس نہیں ہوگی‘

سعودی وزارت محنت عام پیشوں کی درجہ بندی کررہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود کے ماتحت پروفیشن ٹیسٹ پروگرام کے ڈائریکٹر نایف العمیر نے واضح کیا ہے کہ پیشے کی تبدیلی پر کوئی فیس نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ وزارت ’عامل‘ (لیبر) سے متعلق تفصیلات کی نشاندہی کرکے پیشوں کی درجہ بندی کررہی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق نایف العمیر نے کہاکہ پروفیشن ٹیسٹ پروگرام کا مقصد اقاموں اور ویزوں میں پیشوں کی تنظیم نو ہے۔ وزارت محنت پیشے کی تبدیلی پر کوئی فیس نہیں لگائے گی، اس کا مقصد نئے پیشے کے حوالے سے پروفیشن ٹیسٹ ہے۔

پروفیشن ٹیسٹ پروگرام کا مقصد اقاموں اور ویزوں میں پیشوں کی تنظیم نو ہے ( فوٹو ایس پی اے)

العمیر نے مزید بتایا کہ سرکاری ٹینڈر بھرتے وقت متعلقہ کارکنان کی تفصیلات پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ سرکاری اداروں نے ایک شرط یہ لگائی ہے کہ تمام ٹھیکہ دار ایسے کارکنان سے کام لیں جن کا اقامے میں درج پیشہ اور کام دونوں ایک ہوں۔ دونوں میں کوئی تضاد نہ ہو۔
’ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ سرکاری ادارے آئندہ کسی بھی منصوبے کا ٹھیکہ کسی بھی ٹھیکیدار کو اس وقت تک نہیں دیں گے جب تک ٹھیکہ نافذ کرنے والے کارکنان کے پاس پروفیشن ٹیسٹ سرٹیفکیٹ نہیں ہوگا۔ ٹھیکہ لینے کے لیے پروفیشن ٹیسٹ سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے۔‘

ٹھیکہ لینے کے لیے پروفیشن ٹیسٹ سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے (فوٹو ایس پی اے)

 پروفیشن ٹیسٹ پروگرام کے ڈائریکٹرکا کہنا تھا کہ پروفیشن ٹیسٹ پروگرام کے تحت کارکنان کی ’مہارتوں کا ریکارڈ‘ تیار کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک کارکن کے اندر ایک سے زیادہ پیشہ ورانہ مہارتیں ہوسکتی ہیں۔ اس پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مہارتوں کا ریکارڈ تیار کیا جائے گا۔ ابھی تک اس حوالے سے کوئی مناسب طریقہ کار ترتیب نہیں دیا گیا ہے۔ البتہ مہارتوں کا ریکارڈ ترتیب دینے کے لیے کئی حل تجویز کئے گئے ہیں۔ مناسب طریقہ کار جلد ترتیب دے دیا جائے گا۔

شیئر: