Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسٹم حکام کا چھاپہ، ’سمگل شدہ ادویات برآمد‘

عائشہ وانی کے مطابق گودام میں موجود مال بیرونی ممالک سے غیر قانونی طریقے درآمد کیا گیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ کسٹم اہلکاروں نے راولپنڈی میں ایک بڑے گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے بڑی مقدار میں سمگل شدہ کاسمیٹکس اور ادوایات برآمد ہوئی ہیں۔
ایڈیشنل کلکٹر کسٹم عائشہ وانی نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ گودام میں موجود مال بیرون ممالک سے غیر قانونی طریقے سے درآمد کیا گیا تھا جس کی رسیدیں موجود نہیں ہیں۔
ان کے مطابق یہ گودام راولپنڈی میں مری روڈ پر چاندنی چوک میں واقع ہے۔  عائشہ وانی کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ ایک دو روز میں حکام بالا کے سامنے پیش کر دی جائے گی۔
ایک اور کسٹم اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ جس گودام پر چھاپہ مارا گیا وہ ادویات کے ایک بڑے سٹور مالکان کا ہے۔  
عائشہ وانی کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ ادویات غیر مناسب طریقے سے سٹور کی گئی تھیں جن میں فوڈ سپلیمنٹس بھی شامل تھے جبکہ گودام میں ادویات کی خالی بوتلیں بھی موجود تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے محکمہ کسٹم سے رابطہ کیا ہے اور ادویات کے معیار کے حوالے سے تحقیقات ڈرگ اتھارٹی کرے گی۔
عائشہ وانی نے وضاحت کی کہ محکمہ کسٹم نے کاسمیٹکس کی سمگلنگ کے حوالے سے معلومات ملنے پر چھاپہ مارا تھا تاہم گودام میں ادویات بھی موجود تھیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ یہ گودام ایک میڈیسن سٹور کا ہے اور غیر قانونی طریقے سے درآمد کیے گئے مال کی اسلام آباد میں ممکنہ موجودگی کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

عائشہ وانی کے مطابق گودام سے ادویات کی خالی بوتلیں بھی ملی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر) 

دوسری جانب شاہین کیمسٹ نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والے کسٹم حکام کے چھاپے کی ویڈیو کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’شاہین کیمسٹ پر غیر معیاری ادویات رکھنے کا الزام غلط ہے اور اس کی انتظامیہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔‘
تاہم بیان میں شاہین کیمسٹ کی انتظامیہ نے گودام پر کسٹم حکام کے چھاپے کے حوالے سے رد عمل دینے سے گریز کیا ہے۔ 
خیال رہے گذشتہ روز ادویات کے ایک گودام پر حکام کے چھاپے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ 

شیئر: