Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈینٹل کے تمام شعبوں میں سعودائزیشن کا اعلان

پہلے مرحلے کا آغاز 25مارچ 2020 سے ہوگا۔ فائل فوٹو: عرب نیوز
 سعودی عرب کے وزیر محنت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی کے مطابق ڈینٹل کے تمام شعبوں میں سعودائزیشن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ عمل درآمد مرحلہ وار ہوگا۔ فیصلے کا نفاذ چارماہ بعد شروع کردیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق احمد الراجحی نے بتایا کہ وزارت صحت کے اشتراک سے ڈینٹل کے تمام پیشوں پر غیر ملکیوں کی جگہ بتدریج سعودیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایسے تمام ادارے جہاں ڈینٹسٹ کام کررہے ہیں ڈینٹل میڈیسن کے تمام پیشے دو مرحلوں میں سعودیوں کے لیے مختص ہوجائیں گے۔ 
پہلے مرحلے کا آغاز 25مارچ 2020 سے ہوگا۔ اس کے تحت 25 فیصد سعودائزیشن ہوگی۔ دوسرا مرحلہ 14 مارچ 2021 سے شروع ہوگا۔ اس کے تحت 30 فیصد سعودائزیشن ہو گی۔

دوسرا مرحلہ 14 مارچ 2021 سے شروع ہوگا۔فائل فوٹو:تواصل

 وزارت محنت کے ترجمان خالد ابا الخیل نے بتایا کہ ڈینٹل میڈیسن کے پیشے کی سعودائزیشن کا فیصلہ ان اداروں پر لاگو ہوگا جہاں تین سے زیادہ غیر ملکی ڈینٹسٹ کام کررہے ہوں گے۔
 ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ ’پیشوں کی سعودائزیشن‘ کے ایک بڑے پروگرام کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد اہم شعبوں میں سعودی شہریوں کو کام کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہیں۔
 خالد ابا الخیل نے مزید کہا کہ وزارت محنت اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ ایسے ادارے جو اس فیصلے کی پابندی نہیں کریں گے ان کے خلاف باقاعدہ کارروائی ہو گی۔
 واضح رہے کہ سعودی حکومت مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی جگہ سعودیوں کے تقررکی قومی پالیسی بنائے ہوئے ہے۔ اسے سعودائزیشن کا نام دیا جارہا ہے۔ 

وزیر محنت  کے مطابق فیصلے کا نفاذ چارماہ بعد شروع کردیا جائے گا۔فائل فوٹو

 کوئی بھی سعودی کسی بھی سرکاری ملازمت کے حوالے سے ڈگری اور تجربے کے سرٹیفکیٹ پیش کرکے ایسی کوئی بھی ملازمت حاصل کرسکتا ہے جس پر کوئی غیر ملکی کام کررہا ہو۔
 فی الوقت سعودائزیشن کا زیادہ زور نجی اداروں اور کمپنیوں پر ہے۔اس کے تحت زندگی کے تمام شعبوں میں غیر ملکی کارکنان کی جگہ سعودیوں کے تقررکو یقینی بنانے کے لیے ایک طرف تو روزگار تربیت پروگرام نافذ کیے جارہے ہیں ۔ دوسری جانب مختلف طریقوں سے نجی اداروں او رکمپنیوں کے مالکان کو غیر ملکی ملازمین کی جگہ سعودی ملازم رکھنے پر آمادہ کیا جارہا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: