Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبداللہ یونیورسٹی کا وزٹ کیسے کریں؟

کاوسٹ سعودی عرب کی پہلی یونیورسٹی ہے جس میں مخلوط تعلیم ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
 سعودی عرب کی جدید ترین کنگ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (کاوسٹ) جدہ کے شمال میں بحر احمر کے ساحل پر ثول شہر میں واقع ہے۔ 
اس ہائی سٹڈیز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی کو دیکھنے کے لیے نہ صرف سعودی شہری بلکہ مقیم غیر ملکی بھی متمنی ہیں۔
المدینہ اخبار کے مطابق کنگ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی نے پہلی مرتبہ ایسے تمام لوگوں کو جو یونیورسٹی دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہوں اس کی اجازت دی ہے۔ اس کا طریقہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے۔

سعودی طلبہ سے کہیں زیادہ غیر ملکی طلبہ کو داخلے دیے جارہے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق اگر آپ کاوسٹ دیکھنا چاہتے ہیں تو پہلے https://kaust.edu.sa/visit پر جاکر اپنا اندراج کرائیں اور مطلوبہ معلومات مہیا کریں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مطلوبہ معلومات اور اندراج کے بعد کاوسٹ کے وزٹ کی اجازت مل سکتی ہے۔ وزیٹرز یونیورسٹی کی فیکلٹیز، لیب اور عمارتوں کا دورہ کر سکتے ہیں۔ انہیں بحر احمر کے ساحل پر قائم لائبریری اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی عجائب گھر دیکھنے کا بھی موقع دیا جائے گا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے ’زورو کاوسٹ‘ (کاوسٹ کا دورہ کرو) پروگرام کا آغاز جدہ کی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے عملے سے کیا ہے۔

اگر آپ کاوسٹ دیکھنا چاہتے ہیں تو پہلے اپنا اندراج کرائیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

 واضح رہے کہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی 38 ملین مربع میٹر کے رقبے پر بنائی گئی ہے۔ یہ پوری دنیا میں کسی بھی یونیورسٹی کا سب سے بڑا کیمپس ہے۔ اس میں تعلیم کا آغاز 5 ستمبر 2009 سے شروع ہوا تھا۔
باقاعدہ آغاز 23 ستمبر 2009 کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر کیا گیا۔ یہ مملکت کی پہلی یونیورسٹی ہے جس میں مخلوط تعلیم ہے۔
یونیورسٹی گیارہ مضامین میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں جاری کررہی ہے۔ اس میں سعودی طلبہ سے کہیں زیادہ غیر ملکی طلبہ کو داخلے دیے جارہے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: