Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی ٹیکنالوجی، 8 لاکھ مکانات کی تعمیر

سعودی عرب اور روس کے درمیان معاہدوں پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، فائل فوٹو: عاجل
سعودی عرب میں جدید روسی ٹیکنالوجی کی مدد سے 8 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق روسی صدر ولادی میر پٹن کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر کیے جانے والے معاہدوں پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
 پوٹن کے دورے کے موقع پر روس اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک تعاون کے پروگرام اور بیس سے زیادہ دستاویزات پر دستخط ہوئے تھے۔
روس نے سعودی عرب کو تعمیرات کے شعبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ اس سے ملک میں رہائش کا بحران حل کرنے میں مدد ملے گی اور اقتصادی ترقی پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔

روسی ٹیکنالوجی کی بدولت ایک ماہ میں 17منزلہ عمارت تعمیر کی جا سکے گی، فائل فوٹو

سعودی عرب ’وژن 2030‘ کے تحت سعودی شہریوں کو معقول نرخوں پر مناسب رہائش فراہم کرنے اور تعمیرات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔
کوشش ہے کہ 2030 تک سعودیوں میں ملکیتی رہائش کا تناسب 70 فیصد سے زیادہ ہو جائے۔ مکانات کو ماحول دوست توانائی بھی مہیا ہو۔
یورپی ایشیائی تعاون تنظیم کے ماتحت اقتصادی کونسل کے چیئرمین الیگزینڈر چیون کے مطابق روسی ٹیکنالوجی کی بدولت صرف ایک ماہ میں 17 منزلہ عمارت تعمیر کی جا سکے گی۔ روس 2020 کے آغاز تک سعودی عرب کو یہ ٹیکنالوجی مہیا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
روس میں 10 لاکھ مربع میٹر سے زائد رقبے پر اس ٹیکنالوجی کو آزمایا گیا ہے۔ اب یہ منفرد ٹیکنالوجی سعودی عرب کو فراہم کی جا رہی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس کے تعلقات شاہ سلمان اور روسی صدر کی ملاقات کے بعد سٹریٹجک شراکت کی نئی منزل میں داخل ہو گئے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: