Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال: جنیاتی طور پر تبدیل شدہ ٹی سیل تھیراپی سے 288 مریضوں کا علاج

ہسپتال نے بین الاقوامی سپلائرز پر انحصار ختم کرتے ہوئے مقامی سطح پر علاج کی تیاری کی صلاحیتوں کو بھی آگے بڑھایا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر (کے ایف ایس ایچ آر سی) نے اکتوبر 2026 کے اختتام تک جینیاتی طور پر تبدیل شدہ ٹی سیل تھراپی (کار ٹی) کے ذریعے 288 مریضوں کا علاج کیا ہے جو خون کے مخصوص کینسر کے جدید علاج میں اس کی بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ان مریضوں میں 251 بالغ اور 37 بچے شامل ہیں جن میں بچوں کے کیسز کل تعداد کا تقریباً 13 فیصد ہیں۔
اس تھراپی میں مریض کے خون سے مدافعتی خلیات نکالے جاتے ہیں، کینسر کے خلیات کی شناخت اور ان پر حملہ کرنے کے لیے ان میں جینیاتی تبدیلی کی جاتی ہے اور پھر انہیں دوبارہ جسم میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔
ہسپتال نے بین الاقوامی سپلائرز پر انحصار ختم کرتے ہوئے مقامی سطح پر علاج کی تیاری کی صلاحیتوں کو بھی آگے بڑھایا ہے۔
2025 میں کلینیکل ٹرائل کی پہلی خوراک کے بعد دو مریضوں کو مقامی طور پر تیار کردہ تھراپی دی جا چکی ہے۔
اس قدم نے پیداوار اور ترسیل کے وقت کو 28 دنوں سے کم کر کے 14 دنوں سے بھی کم کر دیا ہے اور اخراجات کو تقریباً 13 لاکھ سعودی ریال سے گھٹا کر 2 لاکھ 50 ہزار ریال کر دیا ہے جو کہ تقریباً 80 فیصد کمی ہے۔
ہسپتال نے کہا کہ ان اصلاحات سے جدید علاج تک رسائی آسان ہونے اور بیرونی پیداوار پر انحصار کم ہونے کی توقع ہے۔
یہ پیشرفت قومی بائیو ٹیکنالوجی حکمتِ عملی کے مطابق جدید علاج کی مقامی سطح پر فراہمی کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد سعودی عرب کو لائف سائنسز میں جدت اور جدید بائیو ٹیکنالوجی کی صنعتوں کا عالمی مرکز بنانا ہے۔

 

شیئر: