Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن میں بولیواڈ سٹی میں ونڈر گارڈنز کھول دیا گیا

ونڈر گارڈن اس سال مزید بڑے تجربات اور متنوع تفریحی آپشنز کے ساتھ واپس آیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض سیزن کے ساتویں ایڈیشن میں ونڈر گارڈن کا بولیواڈ سٹی کے مرکز میں افتتاح کر دیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق افتتاح کے پہلے ہی دن اس زون نے اپنے اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ آنے والے پرجوش وزیٹرز کا استقبال کیا جنہوں نے پررونق ماحول میں یہاں کی دلکش جگہوں اور تفریحی تجربات کو قریب سے دیکھا۔
ونڈر گارڈن ایک مکمل تفریحی مقام ہے جو وزیٹرز کو قدرت سے متاثر سائٹس کی سیر کرواتا ہے جہاں مختلف جھولے، تفریحی سرگرمیاں، بین الاقوامی دکانیں، ریستوران اور کیفے موجود ہیں۔
اس زون کو مختلف تفریحی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن کی اپنی الگ پہچان ہے۔ فلاور گارڈن پھولوں اور مجسموں سے سجے ایک پلازہ کے گرد جھولے، تفریحی تجربات، ریستوران اور کیفے فراہم کرتا ہے۔
نائٹ گارڈن روشن پھولوں کے مجسموں سے سجے شام کے ماحول میں کھانے پینے کے بہترین مواقع پیش کرتا ہے جبکہ مسٹری فاریسٹ جنگلاتی ماحول سے متاثر ہو کر تفریح کے متعدد مواقع فراہم کرتا ہے۔
ونڈر گارڈن اس سال مزید بڑے تجربات اور متنوع تفریحی آپشنز کے ساتھ واپس آیا ہے جن میں گارڈن سٹریٹ اور بولیواڈ نائٹس کے ساتھ ساتھ بچوں کا بین الاقوامی شو ’ریچل کی دنیا‘ بھی شامل ہے جو بالخصوص بچوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس زون میں ایڈونچر اور چیلنج سے بھرپور ’ٹُو ایکسٹریم‘، بچوں کے لیے اڑتے ہوئے ہاتھیوں کی سواری ’فلائنگ ڈمبو‘، بچوں کا ڈریس اپ کا تجربہ ’لٹل سٹار‘، اور ’اے لاٹ لائک لائف‘ جیسے انٹرایکٹیو تجربات اور جھولے شامل ہیں۔

ونڈر گارڈن کے ٹکٹ ’وی بک‘ پلیٹ فارم کے ذریعے بک کیے جا سکتے ہیں جہاں وزیٹرز تمام آپشنز اور دستیاب سرگرمیوں کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
ونڈر گارڈن پچھلے ایڈیشنز کی زبردست کامیابی اور مقبولیت کے بعد ریاض سیزن کے ایک اہم حصے کے طور پر واپس آیا ہے اور تمام عمر کے افراد کے لیے تفریح اور سواریوں کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔

 

شیئر: